مدینہ منورہ میں عمرہ و زیارت فورم کا دوسرا ایڈیشن

ہفتہ 12 اپریل 2025 09:00

مدینہ منورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2025ء) سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ اور ’خدمت ضیوف الرحمن‘ پروگرام کی جانب سے عمرہ و زیارت فورم کا دوسرا ایڈیشن مدینہ منورہ کے شاہ سلمان انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں 14 اپریل کو منعقد کیا جائے گا ۔عاجل نیوز کے مطابق فورم کا عنوان ’عمرہ اور زائرین کے تجربے کو بہتر بنانا‘ رکھا گیا ہے جس میں مختلف ممالک سے عمرہ سروسز کے شعبے سے تعلق رکھنے والے شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

فورم کا مقصد باہمی تجربات کا تبادلہ کرتے ہوئے عمرہ زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر سے بہتر بنانا ہے تاکہ زائرین کو زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔فورم میں ایک سو ممالک سے تعلق رکھنے والے 150 سے زائد اداروں کے وفود و نمائندگان شرکت کریں گے۔ فورم میں متوقع طور پر عام شرکا کی تعداد 25 ہزار سے زائد ہوگی۔فورم کے دوسرے ایڈیشن میں عمرہ اور وزٹ کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی جائے گی۔ علاوہ ازیں فراہم کی جانے والی جدید ٹیکنالوجی پر مشتمل خدمات کے حوالے سے نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا ہے ۔