ٹرمپ ملک بدر کرنے اور امریکی شہریت ختم کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں، ظہر ان ممدانی

امریکی صدر نہیں چاہتے کہ میں کام کرنے والے لوگوں کی حقوق کی بات کروں، ٹرمپ اس لئے ان پر حملے کر رہے ہیں کیونکہ وہ محنت کش مڈل کلاس کے خلاف صدارتی اقدامات سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں ،نیویارک کی میئرشپ کی دوڑ میں شامل ڈیموکریٹک امیدوارکا بیان

جمعہ 4 جولائی 2025 22:12

ٹرمپ ملک بدر کرنے اور امریکی شہریت ختم کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں، ظہر ..
نیو یارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جولائی2025ء)نیویارک کی میئرشپ کی دوڑ میں شامل ڈیموکریٹک امیدوار ظہران ممدانی کاکہناہے کہ امریکی صدر ٹرمپ ملک بدر کرنے اور امریکی شہریت ختم کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں،امریکی صدر نہیں چاہتے کہ میں کام کرنے والے لوگوں کی حقوق کی بات کروں،اپنے ایک بیان میں ظہران ممدانی نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ مسئلہ ہے کہ میں ان لوگوں کی بات نہ کروں جنہیں مہنگائی کے باعث نیویارک چھوڑنے پر مجبور کیا گیا۔

صدر ٹرمپ اس لئے ان پر حملے کر رہے ہیں کیونکہ وہ محنت کش مڈل کلاس کے خلاف صدارتی اقدامات سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں لیکن اس کا مقابلہ کروں گا۔انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم میں مہنگائی کم کرنے کا وعدہ کیا تھا جس سے اب وہ منحرف ہو رہے ہیں اس لئے اپنی ناکامی چھپانے کیلئے ان پر حملے کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی امریکی شہر نیویارک کے میئرل امیدوار ظہران ممدانی کاکہناتھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ عوام میں تفرقہ ڈال رہے ہیں اور حکومت کی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے مجھ پر ذاتی حملے کررہے تھے۔

وہ اپنا کام جاری رکھیں گے اور ریپبلکن جماعت کی جانب سے اختلاف رائے کو دبانے کی کوششوں کے خلاف لڑیں گے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ظہران ممدانی نے نیویارک میں ہوٹل اینڈ گیمنگ ٹریڈز کونسل کے صدر دفتر میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھاکہ وہ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ مسلمان سیاستدان ظہران ممدانی کا کہنا تھا کہ کل ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مجھے گرفتار کیا جانا چاہیے۔