ضلعی پولیس کے تفتیشی افسران کی استعداد کار کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہفت روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا

وزیراعلی کے ویژن کے مطابق شہریوں کو انصاف کی فراہمی، شفاف اور منصفانہ تفتیش اولین ترجیح ہے، ڈی پی او ندیم عباس

ہفتہ 12 اپریل 2025 11:15

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2025ء)ڈی پی او ننکانہ سید ندیم عباس کی ہدایت پر ضلعی پولیس کے تفتیشی افسران کی استعداد کار کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہفت روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، ورکشاپ کے دوران ڈی ایس پی لیگل محمد نعیم،ڈپٹی ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر محمد ارشد ڈوگر اور اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر کاشف سرفراز نے لیکچرز دئیے اور اینٹی ریپ انویسٹی گیشن اینڈ ٹرائل ایکٹ 2021 اور اینٹی ریپ انویسٹی گیشن رولز 2022 کی دفعہ 9 کے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا گیا،تمام تفتیشی افسران کو بابت تفتیش جرائم شیڈول 1 اور شیڈول 2 کے متعلق تفصیل سے بتایا گیا اور ان پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی، ریپ کیسز میں ملوث ملزمان کو معیاری تفتیش سے قرار واقعی سزائیں دلوانے کے حوالے سے قانونی نکات سے آگاہ کیا گیا، اینٹی ریپ انویسٹی گیشن اینڈ ٹرائل ایکٹ کی دفعہ 09 کے تحت شیڈول جرائم کی تفتیش ایس ایس آئی او یونٹ (SSIOU) کرے گا، تربیت یافتہ تفتیشی افسران اینٹی ریپ انویسٹی گیشن اینڈ ٹرائل ایکٹ کی دفعہ 09، سٹینڈنگ آرڈر 1/24 کے تحت تمام عدالتی معاملات کو باآسانی ڈیل کر سکیں گے اور متاثرہ خواتین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی، ڈی پی او ننکانہ سید ندیم عباس کا کہنا ہے کہ ضلعی پولیس کے تفتیشی افسران کی استعدار کار کو بڑھانے کیلئے جدید قانونی تقاضوں کے مطابق تمام اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں، وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز کے ویژن کے مطابق شہریوں کو انصاف کی فراہمی، شفاف اور منصفانہ تفتیش اولین ترجیح ہے۔