وانا، لوئر جنوبی وزیرستان، غربت اور بے روزگاری نے تعلیم کے چراغ بجھا دیئے، مستحقین مدد سے محروم

اتوار 13 اپریل 2025 12:30

وانا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2025ء)ضلع لوئر جنوبی وزیرستان کے مرکزی علاقے وانا میں غربت اور بے روزگاری کی سنگین صورت حال نے عوام کو بنیادی ضروریات زندگی سے محروم کردیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق علاقے کے غریب اور مستحق افراد روز بروز شدید مالی مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں، جبکہ ان کے بچے تعلیم جیسی بنیادی نعمت سے محروم ہوتے جا رہے ہیں۔

علاقے کے سفید پوش غریب افراد نے، نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر، مقامی میڈیا کو بتایا کہ یہاں کے مخیر حضرات صرف دکھاوے کی حد تک مدد فراہم کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی مستحق کو امداد حاصل کرنے کے لیے فوٹو سیشن یا ویڈیو پیغام دینا لازم ہے، جو کہ ہماری عزتِ نفس کے خلاف ہے۔اس روش کی وجہ سے مستحقین نہ صرف مخیر حضرات کی امداد سے محروم ہیں بلکہ حکومتی امداد تک بھی ان کی رسائی ممکن نہیں ہو پا رہی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب والدین نے بھی شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ غربت کے باعث سینکڑوں بچے تعلیم کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔ہم اپنے بچوں کو پانچ کلومیٹر دور اسکول بھیجنے کے لیے کرایہ تک نہیں دے سکتے، جوتے اور کپڑے خریدنا بھی ایک خواب بن چکا ہے،ایک والد نے روتے ہوئے کہا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہاں ہر کام دکھاوے کے لیے کیا جاتا ہے، نہ کہ اللہ کی رضا کے لیے۔مقامی شہریوں نے حکومت اور سماجی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حقیقی طور پر مستحق افراد کی مدد کے لیے مثر اور باعزت نظام تشکیل دیں، تاکہ علاقے کے بچے تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو سکیں اور آنے والا کل روشن ہو۔