ڈپٹی کمشنر بٹگرام کا ایٹا کے زیر اہتمام اساتذہ کی بھرتی کے لئے ٹیسٹ کے امتحانی مرکز کا دورہ، انتظامات کا جائزہ لیا

اتوار 13 اپریل 2025 12:50

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2025ء) ڈپٹی کمشنر بٹگرام آصف علی خان نے ایٹا کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ ڈگری کالج میں اساتذہ کی بھرتی کے لئے منعقدہ ٹیسٹ کے امتحانی مرکز کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر بٹگرام نے ٹیسٹ سنٹر میں سکیورٹی کے انتظامات، امتحانی عملے کی حاضری، امتحانی عمل کے ضوابط پر عملدرآمد اور امیدواروں کے لئے فراہم کردہ سہولیات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ امیدواروں کو امتحان کے دوران تمام بنیادی سہولیات مہیا ہوں، جن میں صاف پانی، مناسب بیٹھنے کا انتظام اور روشنی کا معقول بندوبست شامل ہے۔ ڈپٹی کمشنر بٹگرام نے سکیورٹی اہلکاروں کے فرائض کی انجام دہی کے طریقہ کار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے امتحانی عملے کو ہدایت کی کہ امتحان کے شفاف اور منصفانہ انعقاد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، تاکہ تمام امیدواروں کو یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ ڈپٹی کمشنر بٹگرام نے ایٹا اور مقامی انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی اسی طرح کے اقدامات کے ذریعے میرٹ پر مبنی بھرتیوں کو یقینی بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :