کامسٹیک کے زیر اہتمام 18 افریقی ماہرینِ امراض چشم کی ذیابیطس سے متعلقہ آنکھوں کی بیماریوں اور گلوکوما کے علاج کی خصوصی تربیت مکمل

اتوار 13 اپریل 2025 14:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2025ء) پاکستان میں اسلامی تعاون تنظیم کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی (کامسٹیک) کے زیر اہتمام 18 افریقی ماہرینِ امراض چشم نے ذیابیطس سے متعلقہ آنکھوں کی بیماری (Diabetic Retinopathy) اور گلوکوما کے علاج پر مبنی پاکستان میں ایک سالہ خصوصی تربیت مکمل کرلی ہے ۔یہ پروگرام اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) کے رکن ممالک کے درمیان صحت اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط کرنے کا اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

میڈیا کوآرڈینیٹر کامسٹیک سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ایک سالہ خصوصی تربیتی پروگرام کامسٹیک، اسلامی ترقیاتی بینک، ایل -آر- بی- ٹی (لیٹن رحمۃ ﷲ بینیوولنٹ ٹرسٹ) اور یونیورسٹی آف لاہور کے باہمی اشتراک سے مکمل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تربیت مکمل کرنے والے ماہرین کو جدید مشینری استعمال کرنے، آپریشن، سرجری، فنڈس کیمرے اور لیزر تھراپی کی مکمل تربیت فراہم کی گئی۔

تربیت مکمل کرنے والے شرکاء کو اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ یہ اقدام او آئی سی کے رکن ممالک کے مقامی ماہرین صحت، سائنسدانوں اور ڈاکٹرز کو خود کفیل بنانے اور اپنی صلاحیتوں پر انحصار کرکے اپنے ممالک کی عام عوام کی خدمت کرنے کے قابل بنانے کے لیے کامسٹیک کے عزم کا عملی نمونہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ محض تربیتی پروگرام نہیں بلکہ افریقہ میں آنکھوں کی امراض میں مبتلا افراد کی بہترین دیکھ بھال کے لیے مستقبل کی سرمایہ کاری ہے ۔