خلیل الرحمان قمر ہنی ٹریپ کیس ، 3 ملزمان کو سات سال قید

پیر 14 اپریل 2025 15:14

خلیل الرحمان قمر ہنی ٹریپ کیس ، 3 ملزمان کو سات سال قید
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2025ء) لاہورکی انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے معروف ڈرامہ نگار و اداکارخلیل الرحمن قمر کو ہنی ٹریپ اور اغوا برائے تاوان کے الزام میں درج مقدمے میں نامزد مرکزی ملزمہ آمنہ عروج اور حسن شاہ سمیت 12ملزمان کے خلاف کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مقدمے میں نامزد مرکزی ملزمان آمنہ عروج، ممنون حیدر اور ذیشان قیوم کو سات، سات سال قید کی سزا کا حکم دیا جبکہ شریک ملزم حسن شاہ سمیت دیگر افراد کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا۔

(جاری ہے)

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے پیر کو کیس کی سماعت مکمل ہونے پر فیصلہ سنایا ۔ دوران سماعت پراسکیوشن کی جانب سے 17 گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے، جن میں متاثرہ شخص خلیل الرحمان قمر کا بیان سب سے اہم قرار دیا گیا۔ گواہوں اور شواہد کی بنیاد پر عدالت نے مرکزی ملزمان آمنہ عروج، ممنون حیدر اور ذیشان قیوم کو قصوروار ٹھہرایا۔فیصلے کے روز سخت سکیورٹی میں قیدی وین کے ذریعے ملزمان کو جیل سے عدالت لایا گیا۔