بھارت ،کرناٹک کے وزیر کا ریاست میں وقف قانون لاگونہ کرنے کا اعلان

پیر 14 اپریل 2025 17:13

بنگلورو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2025ء) بھارت کی ریاست کرناٹک کے ہائوسنگ اور اقلیتی بہبود کے وزیر بی زیڈ ضمیر احمد خان نے واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ بھارتی پارلیمنٹ میں منظور ہونے کے باوجود متنازعہ وقف قانون کو ریاست کرناٹک میں لاگو نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انہوں نے اپوزیشن کی زیرقیادت دیگر ریاستوں کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ مغربی بنگال ، تامل ناڈو ، کیرالہ اور کرناٹک کی حکومتوں نے وقف ترمیمی ایکٹ کے حوالے سے فیصلہ کیا ہے کہ یہ ہمیں قابل قبول نہیں ہے۔

انہوں نے مغربی بنگال میں اس قانون کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے دوران جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھے افسوس ہے کہ مغربی بنگال میں احتجاج کے دوران تین لوگوں کی موت ہوئی، یہ بل پاس نہیں ہونا چاہیے تھا، لیکن یہ پاس ہو گیا ہے۔ ہم عدالت کے ذریعے اس مسئلے کو حل کریں گے، مجھے یقین ہے کہ ہمیں عدالت سے انصاف ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم کرناٹک میں اسے نافذ نہیں کریں گے۔