بِٹ کوائن کی قیمت پہلی بار 1 لاکھ 20 ہزار ڈالر سے تجاوز کرگئی

منگل 15 جولائی 2025 23:06

بِٹ کوائن کی قیمت پہلی بار 1 لاکھ 20 ہزار ڈالر سے تجاوز کرگئی
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2025ء)دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی بِٹ کوائن نے اپنی تاریخ کی اعلیٰ ترین سطح عبور کرتے ہوئے 1,21,207 امریکی ڈالر کی قیمت کو چھو لیا۔ یہ اضافہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کرپٹو دوست پالیسیوں اور امریکی ایوانِ نمائندگان میں ڈیجیٹل اثاثوں کے ضابطہ قوانین پر بحث کی وجہ سے سامنے آیا ہے۔ٹرمپ نے خود کو ’کرپٹو صدر‘ قرار دیتے ہوئے پالیسی سازوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انڈسٹری کے حق میں قانون سازی کریں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اس وقت کرپٹو مارکیٹ کو ادارہ جاتی سرمایہ کاری، ٹرمپ کی حمایت، اور منافع کی توقعات جیسے مثبت عوامل کا سامنا ہے۔ تجزیہ کار ٹونی سائکمور نے کہا ہے کہ یہ اضافہ باآسانی 1,25,000 ڈالر تک جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

دیگر کرپٹو کرنسیز جیسے ایتھریم (3,050 ڈالر)، ایکس آر پی اور سولانا میں بھی 2ط3 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔کرپٹو مارکیٹ کی مجموعی مالیت اب تقریباً 30 کھرب 78 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

واشنگٹن میں جاری ''کرپٹو ویک'' کے دوران امریکی کانگریس میں جیئنیئس ایکٹ، کلیریٹی ایکٹ، اور اینٹی-سی بی ڈی سی سرویلنس اسٹیٹ ایکٹ جیسے بلوں پر ووٹنگ کی جائے گی، جن کا مقصد کرپٹو ریگولیشن کو واضح اور قانونی تحفظ دینا ہے۔ہانگ کانگ میں بھی کرپٹو ETF مارکیٹس میں تیزی دیکھی گئی، جہاں اسپاٹ بِٹ کوائن اور ایتھریم فنڈز نے نئی بلندیاں چھوئیں۔