Live Updates

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا انڈونیشیا پر 19 فیصد ٹیرف نافذ کرنے کا اعلان

بدھ 16 جولائی 2025 13:41

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا انڈونیشیا پر 19 فیصد ٹیرف نافذ کرنے کا اعلان
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ انڈونیشیا سے درآمدات پر 19 فیصد ٹیرف عائد کرے گا جو کہ جنوب مشرقی ایشیائی ملک کے ساتھ ایک نئے معاہدے کے تحت ہوگا۔ رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے انڈونیشیا کے ساتھ اس معاہدے کا اعلان ایسے وقت میں کیا ہے جب وہ مختلف تجارتی شراکت داروں کے ساتھ "بہتر شرائط" کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں جس کا مقصد امریکا کے تجارتی خسارے کو کم کرنا ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ درجنوں چھوٹے ممالک کے لیے بھی ٹیرف مقرر کرنے والے خطوط جلد جاری کیے جائیں گے،انڈونیشیا کے ساتھ یہ معاہدہ ان چند معاہدوں میں سے ایک ہے جو ٹرمپ انتظامیہ نے اب تک کیے ہیں۔ییل بجٹ لیب کے مطابق ٹرمپ کی ٹیرف پالیسیوں کے تحت امریکہ میں اوسط ٹیرف کی شرح 2 سے 3 فیصد سے بڑھ کر 20.6 فیصد ہو جائے گی، اگرچہ صارفین کی خریداری میں تبدیلی سے یہ شرح 19.7 فیصد تک آ سکتی ہے مگر یہ پھر بھی 1933 کے بعد سب سے زیادہ ہوگی۔

(جاری ہے)

ٹرمپ نے انڈونیشیا کے ساتھ ہونے والے معاہدے کو حال ہی میں ویتنام کے ساتھ طے پانے والے ابتدائی معاہدے جیسا قرار دیا، جس کے تحت امریکی درآمدات پر 10 فیصد کے مقابلے میں تقریباً دوگنا یعنی 19 فیصد فلیٹ ٹیرف لاگو ہوگا جبکہ امریکا کی برآمدات پر انڈونیشیا کی جانب سے کوئی محصول نہیں لیا جائے گا۔ معاہدے میں چین سے انڈونیشیا کے راستے ہونے والی مصنوعات کی "ٹرانس شپمنٹ" پر جرمانہ اور امریکی مصنوعات کی خریداری کی یقین دہانی بھی شامل ہے۔

ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ وہ 19 فیصد ٹیرف ادا کریں گے، ہم کچھ نہیں دیں گے ، ہمیں انڈونیشیا میں مکمل رسائی حاصل ہوگی اور اسی طرح کے چند اور معاہدے بھی جلد سامنے آئیں گے۔بعد ازاں، ٹرمپ نے اپنے پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل" پر کہا کہ انڈونیشیا نے امریکا سے 15 ارب ڈالر مالیت کی توانائی مصنوعات، 4.5 ارب ڈالر کی زرعی مصنوعات اور 50بوئنگ طیارے خریدنے پر رضامندی ظاہر کی ہے تاہم اس کے لیے کوئی وقت مقرر نہیں کیا گیا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات