ٹینٹ پیگنگ چیمپئن شپ2025، نوجوان گھڑ سوار احتشام مغل نے میدان مار لیا

پیر 14 اپریل 2025 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2025ء) اسلام آباد کے ابھرتے ہوئے نوجوان گھڑ سوار احتشام مغل نے بلیو ورلڈ سٹی کے زیر اہتمام دو روزہ ٹینٹ پیگنگ چیمپئن شپ 2025میں سنگلز کیٹگری کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، کشمیر شاہین کلب کے گھڑ سوار رائے انور حسین کھرل نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ احتشام مغل نے دو روزہ ٹینٹ پیگنگ سنگلز ایونٹ میں تقریبا 400 سے زائد گھڑ سواروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

ایونٹ کے پہلے رائونڈ میں 400 سے زائد رائیڈرز میں سے 250رائیڈرز نے اگلے رائونڈ میں رسائی حاصل کی تھی، دوسرے رائونڈ میں 92 گھڑ سوار آگے آئے، تیسرے رائونڈ میں 42 جبکہ آخری رائونڈ میں پانچ رائیڈرز کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا، فائنل رائونڈ میں احتشام مغل نے شاندار گھڑ سواری کرتے ہوئے ٹاپ پوزیشن حاصل کی جبکہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے کشمیر شاہین کلب کے گھڑ سوار رائے انور حسین کھرل نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

چیمئپن شپ کے اختتام پر سنگلز ایونٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے احتشام مغل کو پانچ لاکھ روپے کا انعامی چیک اور ٹرافی پیش کی گئی۔ اپنی اس فتح کے بعد احتشام مغل نے بات کرتے ہوئے کہا کہ میری جیت سخت محنت ، لگن اور والدین کی دعائوں کا نتیجہ ہے، کوشش ہوگی کہ آنے والے ایونٹس میں بھی اسی کارکردگی کو دہراتے ہوئے مزید اعزازات اپنے نام کروں۔

چیمپئن شپ کی سیکشن کیٹگری میں مولا عباس علمدار ٹینٹ پیگنگ کلب نے ٹاپ پوزیشن حاصل کی، ٹیم کے کپتان تجربہ کار رائیڈر راجہ ثقلین کی قیادت میں کلب نے 85 ٹیموں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹاپ پوزیشن حاصل کی، راجہ ثقلین کو شاندار پرفارمنس پر پانچ لاکھ روپے کا چیک اور ٹرافی دی گئی۔ واضح رہے کہ دونوں رائیڈرز راجہ ثقلین اور احتشام مغل کا تعلق اسلام آباد کے ایک ہی علاقہ سے ہے اور گزشتہ کئی سالوں سے دونوں گھڑ سوار پاکستان بھر میں منعقد ہونے والی چیمپئن شپس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرتے آرہے ہیں۔