Live Updates

یہ ہماری فوج کا مقابلہ نہیں کرسکتے، شاہد آفریدی کا بھارت کی گیدڑ بھپکیوں پر ردعمل

جمعرات 1 مئی 2025 23:38

یہ ہماری فوج کا مقابلہ نہیں کرسکتے، شاہد آفریدی کا بھارت کی گیدڑ بھپکیوں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2025ء)قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھارت کی گیدڑ بھپکیوں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کس کو ڈرانے کی کوشش کررہے ہیں، ہم تو ایسے ہی حالت جنگ میں ہیں اور ہماری فوج اتنی تربیت یافتہ ہوچکی ہے کہ یہ ہمارا مقابلہ بھی نہیں کرپائیں گے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے نجی ٹی وی پروگرام میں شرکت کی۔

جہاں میزبان کی جانب سے کہا گیا کہ بھارتی میڈیا اور شیکھر دھون سمیت دیگر کرکٹرز کہہ رہے ہیں کہ شاہد آفریدی بغیر وردی کے فوجی ہے، اس پر آپ کیا کہیں گی شاہد آفریدی نے جواب دیا کہ اس ملک کی حفاظت کے لیے تو بغیر وردی کے 25 کروڑ عوام فوجی ہے اور ملک ہمارا گھر ہے ہے، ہم کس طرح کسی کو بغیر اجازت کے اپنے گھر میں آنے دیں گے، ہاں آپ عزت سے آجاؤ، عزت بھی دیں گے، پیار بھی دیں گے لیکن آپ بدمعاشی کروگے اور اس خطے میں اپنے آپ کو برتر سمجھوگے تو یہ آپ کی غلط فہمی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ آپ ترقی کر رہے ہیں یہ اچھی بات ہے کہ آپ کے لوگ آگے بڑھ رہے ہیں اور ہمیں اس بات کی خوشی ہے لیکن دوسرا کوئی آگے بڑھنا چاہ رہا ہے، اس کی ٹانگ کھینچنا، اس ملک کے حالات خراب کرنا کیا یہ آپ لوگوں کو زیب دیتا ہے۔انہوںنے کہاکہ کیا پڑھی لکھی قوم ایسے کرتی ہیں، پڑوسی آپس میں ایک دوسرے کا خیال رکھتے ہیں، میرے خیال میں یہ ان کی غلط فہمی ہے، میرے پاس یہ ملک ہے جس کے لیے میرے بڑوں نے بہت قربانیاں دی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ میں بھارت سے کچھ کماتا نہیں ہوں، نہ میرا کوئی ایسا یوٹیوب چینل ہے، تو مجھے تو ان چیزوں کا مسئلہ نہیں ہے، رزق دینے والی ذات اللہ کی ہے۔الحمدللہ میرے پاس یہ ملک ہے اور اس کی خاطر میں کچھ بھی کر سکتا ہوں، اس ملک نے مجھے بہت کچھ دیا ہے لہذا میرے لیے، میرے خاندان اور 25 کروڑ عوام کے لیے اس ملک سے بڑھ کے کوئی اور چیز نہیں ہے۔

میزبان نے کہا کہ بھارتی عوام مطالبہ کررہی ہے کہ آفریدی کا چینل بھی بند کردو، جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کردو بند، مجھے تو کوئی مسئلہ نہیں، میں کون سا پروفیشنل طریقے سے یا پیسوں کی کمائی کے لیے یوٹیوب چلا رہا ہوں، میں بس اپنی فیملی یا فاؤنڈیشن کی چیزوں کو زیادہ شیئر کرتا ہوں۔شاہد آفریدی نے کہا کہ بھارتی جو ہمیں ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم تو حالت جنگ میں کافی عرصے سے ہیں، ہماری فوج تو اتنی ٹرینڈ ہو گئی ہے کہ وہ تو یہ تو ہمارا مقابلہ ہی نہیں کر پائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو کون سپورٹ کرتا ہے، نہ کوئی ملک کرتا ہے نہ کوئی مذہب کرتا ہے، اس جنگ میں ہمارے 80 سے 90 ہزار لوگ شہید ہوئے ہیں، ہمارا تو مذہب دہشت گردی کے خلاف ہے، دین اسلام امن کی بات کرتا ہے، ہم تو امن پسند لوگ ہیں۔انہوںنے کہاکہ میں دنیا میں بہت گھومتا ہوں، یقین کریں ہر جگہ بھارتی بہت پیار سے ملتے ہیں، امریکا اور انگلینڈ سمیت دیگر ممالک میں پڑھا لکھا بھاری طبقے سے جب بھی بات ہوتی ہے تو ان میں سے کوئی بھی مودی کی تعریف نہیں کرتا، سب کہتے ہیں ہم اس سے تنگ ہیں۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ ہمارے کس گھر کے اندر بھارتی گانے یا فلمیں نہیں چلتیں، ہم آپ لوگوں کے اسٹارز کو اہمیت دیتے ہیں ان کی عزت کرتے ہیں اور اسی طرح آپ لوگ بھی ہمارے اسٹارز کی قدر کرتے ہیں، میں ہمیشہ کہتا ہوں مجھے بھارت میں بہت عزت ملتی ہے۔انہوںنے کہاکہ سب کچھ اپنی جگہ لیکن بدمعاشی نہیں چلے گی، بدمعاشی نہ کرو، آپ ترقی کر رہے ہو، دنیا میں آگے بڑھ رہے ہو، بہت اچھی بات ہے، خوشی کی بات ہے لیکن ہمارے راستے نہ روکو، ہمارے لیے رکاوٹیں نہ کھڑی کرو۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات