شام،لبنان کا مسائل کے حل کے لیے کمیٹیاں بنانے پر اتفاق

لبنانی وزیر اعظم اور شامی صدر کے درمیان دو طرفہ معاہدوں پر دستخط کرنے کا معاہدہ طے پا گیا

منگل 15 اپریل 2025 10:55

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2025ء)لبنان کے وزیر اعظم نواف سلام نے شام کے صدر احمد الشرع کو دمشق میں ایک ملاقات کے دوران بیروت کے دورے کی دعوت دی جس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں ایک نیا صفحہ کھلنے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نواف سلام خارجہ امور، داخلہ اور دفاع کے وزرا کے ہمراہ دمشق پہنچے جہاں انہوں نے احمد الشرع اور وزیر خارجہ اسعد الشیبانی سے ملاقات کی۔

میڈیارپورٹس کے مطابق لبنانی وزیر اعظم کے دفتر نے کہا کہ نواف سلام نے شامی صدر احمد الشرع اور وزیر خارجہ اسعد الشیبانی کو لبنان کے دورے کی دعوت دی ہے۔ نواف سلام نے اس دورے کو دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی تاریخ میں ایک ایسا نیا باب کھولنے کے مترادف قرار دیا ہے جس کی بنیاد باہمی احترام، اعتماد کی بحالی، اچھی ہمسائیگی پر مبنی ہوگی۔

(جاری ہے)

اسی طرح اس کی بنیاد دونوں ملکوں کی خودمختاری کے تحفظ اور ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر مبنی ہوگی۔لبنانی وفد نے شامی فریق کے ساتھ متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا جن میں سرحدوں اور کراسنگ کو کنٹرول کرنا، سمگلنگ کو روکنا اور زمینی اور سمندری سرحدوں کی حد بندی کرنا شامل تھا۔ لبنان اور شام کے درمیان 330 کلومیٹر طویل سرحد میں غیر قانونی کراسنگز شامل ہیں جو اکثر لوگوں، سامان اور ہتھیاروں کی سمگلنگ کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔

گزشتہ ماہ سرحدی علاقے میں کشیدگی دیکھنے میں آئی تھی جس کے نتیجے میں دونوں جانب سے اموات ہوئی تھیں۔بیان کے مطابق فریقین نے دونوں ملکوں کے استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی کوآرڈینیشن بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے تمام امور کی پیروی کرنے کے لیے خارجہ ، دفاع، داخلہ اور انصاف کی وزارتوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک وزارتی کمیٹی بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

لبنانی وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق بات چیت میں اقوام متحدہ اور دوست ممالک کی مدد سے شامی پناہ گزینوں کی ان کی زمینوں اور گھروں کو محفوظ اور باوقار واپسی میں سہولت فراہم کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ لبنانی حکام نے تصدیق کی ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر 15 لاکھ شامیوں کی میزبانی کر رہے ہیں۔ ان میں سے سات لاکھ 55 ہزار شامی اقوام متحدہ میں رجسٹرڈ ہیں۔ احمد الشرع اور نواف سلام نے تقریبا تمام مسائل کو حل کرنے کے لیے کمیٹیاں بنانے پر اتفاق کیا۔ ہے۔ دونوں نے شام میں لاپتہ ہونے والے لبنانی شہریوں اور لبنان میں زیر حراست شامیوں کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ لبنانی وزیر اعظم اور شامی صدر کے درمیان دو طرفہ معاہدوں پر دستخط کرنے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :