کاشتکاروں کی سہولت کے پیش نظر 60 فیصد سبسڈی پر سپر سیڈرز کی فرا ہمی کا دائرہ کار پورے پنجاب تک بڑھا دیا گیا ہے،فیلڈ انویسٹی گیٹر آفیسرسمبڑیال

منگل 15 اپریل 2025 16:31

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2025ء) فیلڈ انویسٹی گیٹر آفیسر محکمہ زراعت سمبڑیال لیاقت علی نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت پر سونا اگلتا پنجاب پروگرام کے تحت کاشتکاروں کی سہولت کے پیش نظر 60 فیصد سبسڈی پر سپر سیڈرز کی فرا ہمی کا دائرہ کار پورے پنجاب تک بڑھا دیا گیا ہے اس ضمن میں درخواستوں کی تاریخ میں 15 مئی تک توسیع کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی سبسڈی پروگرام میں درخواست گزار65 ہارس پاور کے ٹریکٹر کا مالک ہو اس سلسلے میں کاشتکار سروس پرووائیڈر دوسرے کسانوں کو کرایہ پر خدمات فراہم کرنے کا پابند ہوگا ، اس کے ساتھ ساتھ پروگرام کے تحت کاشتکار مشینری و آلات کے حصول کیلئے پنجاب کے کسی دوسرے ضلع سے درخواست نہ دی ہو اور اس کے علاوہ سپر سیڈر / پاک سیڈر پر سبسڈی حاصل نہ کی ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اہلیت معیار کے مطابق الاٹمنٹ لیٹر کے اجرا کے 10 دن کے اندر منظور شدہ فرمزاور کمپنیوں کے پاس بکنگ کروانا ضروری ہے، بکنگ میں ناکامی کی صورت میں مالی امداد منسوخ تصور ہوگی ،منسوخ شده مالی امداد کو کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکے گا،یہ مالی امداد ویٹنگ لسٹ میں موجود اگلے اہل درخواست گزار کو فراہم کر دی جائے گی۔

درخواست گزار الاٹمنٹ کمیٹی کے فیصلے کا پابند ہوگا اور الاٹمنٹ کمیٹی کا فیصلہ کسی بھی عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکے گا۔ کسان درخواست فارم محکمہ زراعت پنجاب کی آفیشل ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں www.agripunjab.gov.pk درخواست فارم متعلقہ اسسٹنٹ ڈائر یکٹر زرعی انجینئرنگ یا ایگری کلچر آفیسر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفاتر سے بھی حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ در خواست فارم متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زر انجینئر یا ایگری کلچر آفیسر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفتر میں جمع کرائیں ،درخواست فارم شناختی کارڈ کی مصدقہ فوٹو کاپی ٹریکٹر کی ملکیت کے مستند ثبوت کے ساتھ مکمل تصور ہوگا۔وصول شدہ درخواستوں کی جانچ پڑتال اور قرعہ اندازی کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :