غیرآئینی وغیر قانونی فیصلوں سے ملک بحرانوں میں گھر چکا : قاری اعظم حسین

منگل 15 اپریل 2025 18:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2025ء) جمعیت علما اسلام( س) لاہور کے امیر ومرکزی سالار مولانا قاری اعظم حسین نے کہا ہے کہ غیرآئینی وغیر قانونی فیصلوں سے ملک بحرانوں میں گھر چکا،مو جودہ فارم 47کے نام نہاد نمائندوں نے پارلیمنٹ (مقننہ)کی حیثیت ربڑ سٹیمپ بنا دی ہے،ملک کو ہمہ جہت بحرانوں سے نکالنے کے لیے ضروری ہے کہ فوری طو ر پر حکومت برخاست کی جائے۔

ان خیالات کااظہارانہو ں نے امیر مولانا پیر عبدالقدوس نقشبندی ،ناظم اعلی مولانا ایوب خان، ڈپٹی سیکرٹری پیر اکبر ساقی، لاہور کے ناظم اعلی مولانا طیب عثمانی، نائب امیر مولانا صلاح الدین ایوبی، قاری واحد بخش، قاری رحمت اللہ لاشاری، انجینئر خالد ٹیپو، عبد الحمید تو نسوی، مولانا محمد ممتاز، مولانا توقیر عباس سمیت دیگر رہنما ئوں سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہاکہ ملک کوبحرانوں سے نجات دلانے کیلئے لازمی ہے کہ حقیقی جمہوریت کے اعلی اصولوں کو عملا تسلیم کرتے ہوئے آئین و قانون کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری، اقوام کی برابری، عدلیہ و میڈیا کی آزادی اور اقوام کے وسائل پر ان کا اختیار تسلیم کرنے اور موجودہ دھاندلی، زور و زبردستی اور فارم 47 کی حکومتوں کو برخاست کرکے آزاد، خودمختار اور غیر جانبدار الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام شفاف انتخابات کا انعقاد کراکے اقتدار عوام کے منتخب نمائندوں کے حوالے کیاجائے۔