وقف املاک کی حفاظت بنیادی ذمہ داری ہے،مالی وسائل میں اضافہ کے بغیر تعمیر و ترقی کا خواب ادھورا ہے ،سیکرٹری اوقاف پنجاب

منگل 15 اپریل 2025 21:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2025ء) سیکرٹری /چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضابخاری نے وقف پراپرٹی پیر عبد المنان موضع تاروگل، بحریہ ٹائون لاہور کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کہا کہ وقف املاک کی حفاظت بنیادی ذمہ داری،جامع حکمت سے اراضیات کو محفوظ بنادیا۔ قبضہ مافیا اور ناجائز تجاوزات کی روک تھام کے لیے فیلڈ افسران ہمہ وقت مستعد ہیں۔

تجاوز شدہ لینڈ کو دوبارہ حاصل کرکے کمرشل منصوبہ جات قائم کرنااولین ترجیح۔وقف اراضیات پر کمرشل سکیمزاور ترقی سے متعلق منصوبہ بندی عمل میں لا ئی جاچکی۔مالی وسائل میں اضافہ کے بغیر تعمیر و ترقی کا خواب ادھورا ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ فنانس اوقاف خالد محمود سندھو، ڈائریکٹر پراجیکٹس اوقاف رفیق نور وٹو، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ اوقاف آصف اعجاز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر (رجسٹریشن) اوقاف قاضی عبد الرزاق، ایڈ منسٹریٹر اوقاف لاہور زون (ویسٹ)اشفاق ڈیال، منیجر اوقاف سرکل نمبر6 لاہور معیز الرحمن اور ایس ڈی او را عمران ومحکمہ کے دیگر افسران بھی موجو د تھے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری اوقاف نے وقف پراپرٹی پیر عبد المنان موضع تارو گل، بحریہ ٹاون لاہور رقبہ تعدادی چونسٹھ کنال ایک مرلہ 160 سکوائر فٹ کا جائزہ لیا اور اس پر کمرشل اور رہائشی سکیم سمیت دیگرترقیاتی منصوبہ جات کی تعمیر کے حوالے سے متعلقہ آفیسران کو آئندہ ہفتہ میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے اور وقف املاک کی حد بندی، خسرہ گرداوری اور انتقالات سمیت دیگر ریونیو ریکارڈ کی اپ گریڈیشن، نئی پراپرٹیز کو سرکاری تحویل میں لینے اور زمینوں کی نیلامی کے عمل کو تیز اور بہتر رکھنے کے حوالے سے ہدایات بھی جاری کیں۔

سیکرٹری اوقاف نے مزید کہا کہ محکمانہ تعمیر و ترقی کے لیے اوقاف اسٹیبلشمنٹ سرگرم عمل ہے۔ وقف لینڈ اور اس کی آمدن وہ مقدس سرمایہ ہے، جس کی نسبت اللہ تعالی کی طرف ہے، اس کی ایک پائی پائی کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے اور اس کی ریکوری کے لیے پوری طاقت صرف کی جارہی ہے۔ وقف املاک کی بہتر دیکھ بھال کو یقینی بنا دیا،جس کے لیے جملہ وسائل بروئے کارہیں۔انہوں نے کہا کہ میرٹ اور شفافیت ہمہ وقت پیش نظر ہے۔