سرسبز بابا گرو نانک انٹرنیشنل کبڈی کپ کا لاہور میں آغاز

منگل 15 اپریل 2025 22:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2025ء)پاکستان کبڈی فیڈریشن اور فاطمہ فرٹیلائزر کے زیر اہتمام سرسبز بابا گرو نانک انٹرنیشنل سرکل اسٹائل گولڈ کبڈی کپ 2025 کا آغاز ہوگیا۔ تین روزہ ٹورنامنٹ 16 سے 18 اپریل تک جاری رہے گا، جس میں پاکستان، بھارت اور ایران کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ مقامی ہوٹل میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا،جس میں ٹورنامنٹ کے آغاز کا باقاعدہ اعلان کیا گیا۔

اس موقع پر ایرانی ٹیم کے کپتان علی سفاری، بھارت کی ٹیم کے کپتان گرمنجیت سنگھ، پاکستان کی ٹیم کے کپتان کلیم اللہ جٹ اورٹائٹل اسپانسر فاطمہ فرٹیلائزر کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ تینوں کپتانوں نے کبڈی کے فروغ اور کھیل کے ذریعے دوستی اور امن کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ کے تحت میچز لاہور میں ہوں گے جس میں بھارت کی SPGC ٹائیگرز، ایران کی لائنز آف تبریز، اور پاکستانی ایگلز کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جو اپنے الگ انداز کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔

فاطمہ فرٹیلائزر کی ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ سیلز، رابیل سدو زئی نے کہا،‘‘ہمیں خوشی ہے کہ ہم سرسبز بابا گرو نانک کبڈی کپ کے اسپانسر ہیں، جو نہ صرف ایک کھیل ہے بلکہ ہماری مشترکہ ثقافت اور ورثے کا جشن بھی ہے۔ فاطمہ فرٹیلائزر ہمیشہ سے زراعت اور دیہی علاقوں کی ترقی کے ساتھ ساتھ ثقافتی سرگرمیوں کو بھی سپورٹ کرتا ہے۔ یہ ایونٹ اس میں شامل ممالک کو ایک دوسرے کو قریب لانے کی ایک کوشش بھی ہے۔

’’پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا سرور نے کہا،‘‘ہم بھارتی کبڈی ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ بین الاقوامی ٹیموں کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کھیلوں کے لیے ایک محفوظ ملک ہے۔سرسبز بابا گرو نانک کبڈی کپ صرف ایک کھیل نہیں بلکہ علاقائی دوستی اور کھیل کے ذریعے قربت کا پیغام ہے۔