مرحوم سینیٹرتاج حیدر ایک شفیق،نفیس اور درد دل رکھنے والے انسان تھے
منگل 15 اپریل 2025
22:58
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2025ء) ایوان بالا میں پیپلز پارٹی کے بانی رکن سینیٹر تاج حیدر کی وفات پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے،اراکین سینیٹ نے کہاکہ مرحوم سینیٹرتاج حیدر ایک شفیق،نفیس اور درد دل رکھنے والے انسان تھے جو نرمی اور مدلل انداز میں اپنا نکتہ نظر بیان کرتے تھے،اراکین نے تعزیتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لیا ۔
منگل کو ایوان بالا میں سینیٹر تاج حیدر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اس موقع پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے مرحوم کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا سینیٹر شیری رحمن نے کہاکہ سینٹر تاج حیدر پیپلز پارٹی کے بانی اراکین میں شامل تھے وہ نہ صرف ایک سیاستدان بلکہ پارٹی کے سیکرٹری جنرل کے طور پر بھی اپنی خدمات سرانجام دے رہے تھے انہوں نے کہاکہ نہ صرف قانون سازی کے عمل میں بھرپور کردار ادا کیا بلکہ پارٹی کے صنعتی منصوبوں میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے وہ نہ صرف سیاست کے میدان کے سپاہی تھے بلک فنون لطیفہ اور ادب کے میدان کے بھی کھلاڑی تھے وہ ہمیشہ پسماندہ طبقات کی نمائندگی کرتے تھے اور مظلوموں کی جنگ لڑتے تھے اپوزیشن لیڈر سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ سینیٹر تاج حیدر کی وفات پر ان کے خاندان اور پارٹی سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں وہ ایک نظریاتی سیاستدان تھے اور دھیمے مزاج کے ساتھ اپنی گفتگو کرتے تھے سینیٹر حامد خان نے کہاکہ سینیٹر تاج حیدر ایک آزاد سوچ رکھنے والے سیاستدان تھے اور جس سوچ سے پیپلز پارٹی کو بنایا گیا تھاوہ اس سوچ کے حامی تھے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہاکہ سینیٹر تاج حیدر سے جیسے شریف اور نفیس انسان اپنی زندگی میں بہت کم دیکھے ہیں انہوں نے کہاکہ سینیٹر تاج حیدر ہر قسم کے تعصب سے بالا تر تھے وہ اپنی ذہن کے مطابق بات کرتے تھے وفاقی وزیر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ سینیٹر تاج حیدر علم،تجربے اور وفا کا دریا تھے ان کا شمار ان لوگوں میں ہوتا ہے کہ یہ ایوان ان کا حصہ ہونے پر فخر محسوس کرتاہے انہوں نے کہاکہ سینیٹر تاج حیدر اپنے علم اور کردار کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے وہ وفا شعاری کی ایک زندہ مثال تھے اور اپنی جماعت کا جھنڈا کندھے پر سجائے اس دنیا سے چلے گئے ہیں انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان سمیت اپنے ساتھیوں کی جانب سے پیپلز پارٹی اور ان کے خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتا ہوں سینیٹر حاجی ہدایت اللہ نے کہاکہ سینیٹر تاج حیدر بہت نفیس اور دھیمے انداز میں اپنی بات کرتے تھے ہم ان کی پارٹی اور خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہیں سینیٹر پرویز رشید نے کہاکہ جو الفاظ سینیٹر تاج حیدر کیلئے ادا کئے گئے وہ ہم سب کے الفاظ ہیں وہ ہم سب کے تاج تھے سینیٹر شہادت اعوان نے کہاکہ سینیٹر تاج حیدر کے ساتھ گذشتہ چالیس سالوں سے تعلق تھا وہ ڈکٹیٹروں کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کرتے رہے اور اس دوران پابند سلاسل بھی رہے میں ان کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں سینیٹر قرت العین مری نے کہاکہ سینیٹر تاج حیدر اپنی زات میں ایک ادارہ تھے اور ان کی کمی کو بہت زیادہ محسوس کریں گے سینٹر رمیش کمار نے کہاکہ سینیٹر تاج حیدر انتہائی احترام دینے والی شخصیت تھے ان کا خلا ء کبھی بھی پورا نہیں ہوگا اور ان کا شفیق چہرہ ہمیشہ یاد آئے گا انہوںنے کہاکہ پاکستان کی اقلیتی برادری کی جانب سے ان کے خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتا ہوں سینٹر عون عباس پبی نے کہاکہ سینیٹر تاج حیدر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں او ر ان کی پارٹی اور خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتا ہوں سینیٹر جان محمد نے کہاکہ سینیٹر تاج حیدر انتخابات کی شفافیت کے حامی تھے وہ اصولا اور فکری طور پر اس سوچ کے خلاف تھے اور پاکستان کی اکائیوں کے درمیاں فاصلے کو ختم کرنا چاہتے تھے۔
(جاری ہے)
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہاکہ سینیٹر تاج حیدر کا انتقال ایک دکھ بھر ی اطلاع تھی وہ ایک منجھے ہوئے سیاستدان اور ریاضی دان تھے وہ اصولوں کے پابند تھے اور اپنے نکتہ نظر بہت ہی شفیق طریقے سے سمجھاتے تھے انہوں نے کہاکہ سنیٹر تاج حیدر نے پسماندہ طبقے اور مزدوروں کیلئے جو خدمات سرانجام دی ہیں وہ سنہرے الفاظ میں لکھے جائیں گے سینیٹر عبدالقادر نے کہاکہ سینیٹر تاج حیدر ایک نفیس انسان تھے سینیٹر ایمل ولی خان نے کہاکہ سینیٹر تاج حیدر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور اس کے خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتا ہوں سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہاکہ سینیٹر تاج حیدر کی جدائی پر دل روتا ہے وہ کینسر کے مریض تھے مگر اخری وقت تک احساس ذمہ داری سے سرشار تھے ان کی پارٹی اور خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہیں سینیٹر خالدہ عطیب نے کہاکہ سینیٹر تاج حیدر بہترین طریقے سے گائیڈ کرتے تھے اور مدلل انداز میں سمجھاتے تھے ان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں سینیٹر روبینہ قائم خانی،سینیٹر نسیمہ احسان سینیٹر فلک ناز چترالی،سینیٹر خلیل احمد سینیٹر کامل علی آغا،سینیٹر سیف اللہ ابڑوسینیٹر ندیم احمد بھٹو،سینیٹر سرمد علی،سینیٹر عامر ولی الدین چشتی،سینیٹر حسنہ بانو،سینیٹر جام سیف اللہ خان،سینیٹر رانا محمود الحسن اور سینیٹر افنان اللہ خان اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے بھی مرحوم سینیٹر تاج حیدر کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ان کے خاندان سمیت پارٹی کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیااس موقع پر سینیٹر شیری رحمن نے سینیٹر تاج حیدر کی وفات پر تعزیتی قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔
۔۔۔۔۔اعجاز خان