صوبائی وزیرسید عاشق کرمانی کی زیر صدارت اجلاس ، زرعی شعبے کی ترقی کیلئے جاری منصوبوں کا جائزہ لیا

بدھ 16 اپریل 2025 01:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2025ء) صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت ایگریکلچر ہائوس میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں وزیر اعلی کے زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے منصوبوں بارے پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اسامہ خان لغاری ،سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو بھی موجود تھے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک نے کہا کہ کسان کارڈ کے دوسرے فیز کا آغاز 15 مئی سے ہوگا۔ کسان کارڈ کے تحت کاشتکاروں کو خریف کیلئے بلا سود زرعی قرضہ جات فراہم کئے جائیں گے جس کیلئے75 ارب روپے کی رقم مختص کی جا رہی ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ کسان کارڈ کے دوسرے مرحلہ کے کاشتکار30 فیصد نقد کیش اور25 فیصد رقم سے ڈیزل کی خرید بھی کر پائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کسان کارڈ کے تحت8 ایکڑ سے 10 ایکڑ ملکیتی اراضی والے کاشتکاروں کو بلا سود قرضہ جات کی فراہمی کی تجویز حتمی منظوری کیلئے وزیراعلی پنجاب کو بھیجی جائے گی۔اس موقع پر وزیر زراعت نے کہا کہ کسان کارڈ کے تحت گزشتہ قرض کی بر وقت واپسی کی صورت میں کاشت کاروں کو 5 ہزار روپے فی ایکڑ کے حساب سے سپورٹ بھی فراہم کی جائے گی۔صوبائی وزیر نے مزیدکہا کہ وزیراعلی پنجاب گرین ٹریکٹر پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں 9500 قرعہ اندازی میں کامیاب کاشتکاروں میں اب تک 9250 گرین ٹریکٹرز ڈلیور کئے جا چکے ہیں۔

اس پروگرام کے دوسرے مرحلہ کے دوران 60 ہارس پاور سے85 ہارس پاور کے مقامی طور پر تیار کردہ 10 ہزار سے 20 ہزار ٹریکٹرز کاشتکاروں کو سبسڈی پر دیئے جانے کی تجویز زیرِ غور ہے جس کی حتمی منظوری وزیر اعلی مریم نواز دیں گی۔صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ ماڈل ایگریکلچر مالز کے قیام کے سلسلے میں ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور سرگودھا میں 80فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے،دوسرے مرحلہ کے دوران 10 مزید ماڈل ایگری مالز بنانے کی تجویز زیرِ غور ہے۔

زرعی گریجوایٹس انٹرن شپ پروگرام کے دوسرے مرحلہ کے دوران 2 ہزار مزید زرعی گریجوایٹس بھرتی کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے۔ان گریجوایٹس کو محکمہ زراعت پنجاب کے تمام ذیلی محکموں میں تعینات کیا جائے گا۔وزیر اعلی پنجاب سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت سپر سیڈرز کی فراہمی کا پہلا مرحلہ سو فیصد مکمل ہو چکا ہے ،رواں سال ماہ ستمبرمیں دھان کی کٹائی سے قبل مجموعی طور پر 5 ہزار سپر سیڈرز کاشتکاروں کو فراہم کر دئیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سپر سیڈرز کی درخواستیں صوبائی سطح پر تمام کاشتکار جمع کرا سکیں گے۔وزیر اعلی پنجاب ہائی ٹیک فنانسنگ پروگرام کے تحت اگلے مالی سال میں11 قسم کے جدید نئی مشینری و آلات کاشتکاروں کو سبسڈی پر فراہم کئے جائیں گے۔اس پروگرام کے تحت1 ہزار مشینری و آلات کاشتکاروں کو فراہم کئے جائیں گے۔اس پروگرام کیلئے30 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی جائے گی جس کے تحت سروس پرووائیڈرز/ کاشتکاروں کو زرعی مشینری کی خرید کے لئے 5 کروڑ روپے تک بلاسود قرضہ جات فر اہم کئے جائیں گے،یہ قرضہ سروس پرووائیڈرز/ کاشتکار5 سال کی مدت میں واپس کریں گے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں8 لاکھ40 ہزار ایکڑ رقبہ پر اگیتی کپاس کی کاشت مکمل ہو چکی ہے،اس پروگرام کے تحت5 ایکڑ یا اس سے زائد رقبہ پر اگیتی کپاس کاشت کرنے والے کاشتکاروں کیلئے وزیر اعلی پنجاب نے25 ہزار روپے کا خصوصی مراعاتی پیکج دیا ہے۔اس مہم کے دوران کپاس کی ٹرپل جین اقسام کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کسان پیکج پر ٹائم لائنز کے مطابق عملدرآمد جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کپاس کی اگیتی کاشت کی مہم کی کامیابی میں فیلڈ فارمیشنز اور وزیر اعلی پنجاب کے خصوصی مراعاتی پیکج نے بنیادی کردار ادا کیا۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری زراعت آغا نبیل اختر، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (پلاننگ) کیپٹن (ر) وقاص رشید،ڈائریکٹر جنرلز زراعت چوہدری عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں، انجنیئر ساجد حسن سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔