لیبیا کے راستے اٹلی پہنچنے کی کوشش میں روزانہ ایک بچہ ہلاک، یونیسف

یو این بدھ 16 اپریل 2025 03:45

لیبیا کے راستے اٹلی پہنچنے کی کوشش میں روزانہ ایک بچہ ہلاک، یونیسف

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 16 اپریل 2025ء) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) نے بتایا ہے کہ گزشتہ دہائی میں لیبیا سے اٹلی کے درمیان سمندر عبور کرنے کی خطرناک کوشش میں تقریباً 3,500 بچے ہلاک یا لاپتہ ہوئے ہیں۔

ادارے کا کہنا ہے کہ یہ سفر کر کے اٹلی پہنچنے میں کامیاب رہنے والے لوگوں میں 17 فیصد تعداد بچوں کی ہے۔ اچھے مستقبل کی امید میں اس راستے سے یورپ کا سفر اختیار کرنے والے بچوں میں 70 فیصد اپنے والدین یا کسی قانونی سرپرست کے بغیر اکیلے سفر کرتے ہیں جس کے باعث ان کے لیے انسانی سمگلنگ، استحصال یا بدسلوکی کا نشانہ بننے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

ادارے نے جنگوں، تنازعات، تشدد یا شدید غربت سے چھٹکارا پانے کے لیے اپنا ملک چھوڑنے والوں کو مہاجرت کے محفوظ راستے مہیا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

(جاری ہے)

اٹلی میں یونیسف کے رابطہ کار نکولا ڈیل آرسیپریتے نے کہا ہے کہ ادارہ ملکی حکام اور دیگر شراکت داروں کے تعاون سے ان بچوں کی فوری ضروریات کو پورا کرنے اور انہیں مقامی معاشرے میں طویل مدتی طور پر مدغم ہونے میں مدد دینے کے لیے کام کر رہا ہے۔

انہوں نے حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے مزید اقدامات کریں اور اس ضمن میں یورپی یونین کے معاہدہ برائے مہاجرت و پناہ پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ مہاجرت کے سفر میں لاپتہ ہو جانے والوں کو بچانے، انہیں محفوظ طور سے ساحل پر پہنچانے اور پناہ کی خدمات تک رسائی مہیا کرنے کی ضرورت ہے۔