سندھ میں نئے ٹریفک قوانین نافذ؛ مسلسل خلاف ورزی پر لائسنس منسوخ اور شناختی کارڈ بلاک ہوں گے

5 ہزار روپے جرمانے کو بڑھا کر 2 لاکھ 50 ہزار روپے تک کیا جائے گا، ایسی خلاف ورزیوں کی سزا میں دس گنا اضافہ کیا جائے گا جن سے جانی نقصان کا خدشہ ہو؛ آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 2 جولائی 2025 13:40

سندھ میں نئے ٹریفک قوانین نافذ؛ مسلسل خلاف ورزی پر لائسنس منسوخ اور ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جولائی 2025ء ) صوبہ سندھ میں نئے ٹریفک قوانین نافذ کردیئے گئے جن کے تحت مسلسل خلاف ورزی پر لائسنس منسوخ اور شناختی کارڈ بلاک ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے حادثات کی روک تھام اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کروانے کیلئے نئے قوانین نافذ کیے ہیں، اس مقصد کے لیے سندھ حکومت نے کراچی میں ٹریفک کورٹس قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، سندھ کے انسپکٹر جنرل پولیس غلام نبی میمن نے بتایا کہ صوبائی کابینہ نے نئے قوانین کی منظوری دے دی ہے، جن کے تحت کراچی میں ٹریفک کورٹس قائم کی جائیں گی تاکہ شہری چالان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ 5 ہزار روپے جرمانے کو بڑھا کر 2 لاکھ 50 ہزار روپے تک کیا جائے گا، جو خلاف ورزی کی سنگینی پر منحصر ہوگا، ایسی خلاف ورزیوں کی سزا میں دس گنا اضافہ کیا جائے گا جن کے نتیجے میں جانی نقصان کا خدشہ ہو، اگر جرمانہ 21 دن کے اندر ادا نہ کیا گیا تو اس کی رقم دوگنی کر دی جائے گی اور 90 دن گزرنے کے بعد ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا اگر 180 دن کے بعد بھی جرمانہ ادا نہ کیا گیا تو خلاف ورزی کرنے والے کا قومی شناختی کارڈ (CNIC) بلاک کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا مزید یہ بھی کہنا ہے کہ صوبہ مکمل طور پر ڈیجیٹل ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کی طرف بھی بڑھ رہا ہے تاکہ شفافیت اور نفاذ کو بہتر بنایا جا سکے، ای چالان خودکار نگرانی کیمروں کے ذریعے جاری کیے جائیں گے اور براہِ راست گاڑی کے مالک کو بھیجے جائیں گے، حکومت کی اجازت سے مرحلہ وار روایتی ٹریفک نفاذ کا خاتمہ کیا جائے گا۔