ملک میں ایئرپورٹ کارگو چارجز 100 فیصد تک بڑھا دیئے گئے

یہ پانچ سالوں میں کارگو ریٹس میں پہلی اپ ڈیٹ ہے اور پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی نے اس کی منظوری دی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 2 جولائی 2025 13:50

ملک میں ایئرپورٹ کارگو چارجز 100 فیصد تک بڑھا دیئے گئے
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جولائی 2025ء ) ملک میں ایئرپورٹ کارگو چارجز میں 100 فیصد تک اضافہ کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) نے ملک بھر میں کارگو ہینڈلنگ کی فیسوں میں نمایاں اضافہ کردیا ہے جس میں کچھ ٹیرف میں 100 گنا تک اضافہ ہوا ہے جو نصف دہائی میں پہلی بڑی ایڈجسٹمنٹ ہے، نظرثانی کا مقصد ہوائی اڈے کی خدمات کے موجودہ آپریشنل اخراجات کے ساتھ شرحوں کو ہم آہنگ کرنا ہے۔

اس حوالے سے جاری کردہ ایک سرکاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ نیا ٹیرف ڈھانچہ 1 جولائی سے نافذ العمل ہوچکا ہے، یہ پانچ سالوں میں کارگو ریٹس میں پہلی اپ ڈیٹ ہے اور اتھارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی نے اس کی منظوری دی تھی، تازہ ترین نرخوں کے تحت پالتو پرندوں کی نقل و حمل کی لاگت میں 50 فیصد اضافہ ہوا ہے جو 200 روپے سے بڑھ کر 300 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گیا ہے، اسی طرح پان کے پتوں کی ترسیل کے چارجز دوگنا ہو گئے ہیں اب اس کی قیمت 70 روپے فی کلوگرام ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ جنرل کارگو فیس میں بھی 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جو 100 روپے سے بڑھ کر 125 روپے فی کلوگرام ہو گیا ہے، نئے ٹیرف ڈھانچے میں دوسرے پالتو جانوروں جیسے بلیوں اور کتوں کے ساتھ ساتھ عام کارگو کے تحت درجہ بندی کی گئی اشیاء کے لیے بھی تازہ ترین نرخ شامل ہیں، حکام نے ہوائی اڈے سے متعلق آپریٹنگ اخراجات میں مسلسل اضافے کے باوجود ٹیرف پر طویل عرصے سے منجمد ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے اضافے کا دفاع کیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی ایکٹ کے سیکشن 3 کے تحت اگست 2024ء میں ایک خودمختار ادارے کے طور پر قائم کیا گیا، ملک بھر میں ہوائی اڈے اور ہوائی نقل و حمل کی خدمات کی نگرانی، ترقی اور موثر انتظام کے لیے ذمہ دار ہے۔