آزاد کشمیر جیسے پر امن خطے کو جرائم پیشہ عناصر کی آماجگاہ نہیں بننے دیں گے ،کمشنر پونچھ ڈویژن

پولیس اہلکار سجاد ریشم کے قتل میں ملوث گروہ کے 8 کارندوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے دیگر مفرور ملزمان بھی جلد سلاخوں کے پیچھے ہوں گے

بدھ 16 اپریل 2025 15:15

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2025ء)کمشنر پونچھ ڈویژن مسعود الرحمن ،ڈی آئی جی پونچھ سردار ظہیر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر جیسے پر امن خطے کو جرائم پیشہ عناصر کی آماجگاہ نہیں بننے دیں گے ،قانون نافذ کرنے والے ادارے مجرمانہ سرگرمیوں کی بیخ کنی کیلئے پوری طرح متحرک ہیں، پولیس اہلکار سجاد ریشم کے قتل میں ملوث گروہ کے 8 کارندوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے دیگر مفرور ملزمان بھی جلد سلاخوں کے پیچھے ہوں گے ، عوام قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ تعاون کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغ میں میڈیا نمائندگان ، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن باغ کے عہدیداران اور ضلعی انتظامیہ کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا آزاد کشمیر ایک پر امن خطہ ہے ، بعض عناصر یہاں افراتفری پیدا کر کے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں جن کے تانے بانے بیرون ملک ملتے ہیں ، پونچھ ڈویژن کی انتظامیہ شر پسند عناصر کو انکے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دے گی ، باغ اور پونچھ کے عوام اپنے اردگرد پر گہری نظر رکھیں اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ تعاون کریں، انہوں نے کہا کہ اس پر امن خطے میں شر پسند عناصر کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے ،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر باغ راجہ صداقت ، ایس ایس پی راجہ اکمل خان ، اسسٹنٹ کمشنر سید کلیم عباس ، ایکسٹرا اسسٹنٹ کمشنر سید قمر کاظمی بھی موجود تھے ،کمشنر اور ڈی آئی جی پونچھ ڈویژن نے صحافیوں کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر گمنام اور جعلی آئی ڈیز کے زریعے پھیلائے جانیوالے منفی اور بے بنیاد پراپیگنڈا کے جواب میں میڈیا عوام کی درست سمت میں رہنمائی کرے اور اصل حقائق کو عوام تک پہنچانے کا فریضہ انجام دے ، نوجوان سوشل میڈیا کا مثبت استعمال کریں اور ہر سنی سنائی بات کو آگے پھیلانے سے اجتناب کریں ، سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی ہر افواہ درست نہیں ہوتی ، جعلی آئی ڈیز کے زریعے پھیلائی جانیوالی افواہوں کو آگے پھیلانے کے بجائے پہلے تحقیق کریں اور زمہ دار زرائع سے جاری ہونے والی خبروں کے علاہ کسی پراپیگنڈا پر کان نہ دھریں ، انہوں نے کہا کہ اس خطے کی خوبصورت روایات ، سماجی اور اخلاقی اقدار کا تحفظ ہم سب کی زمہ داری ہے ، خطے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگی تو یہاں سیاحت کو فروغ ملے گا ،کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا اور عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا جس سے ہمارا خطہ ترقی کرے گا ، تمام مکاتب کو اپنی زمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے قانون کی عملداری کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔