دارالحکومت مظفرآبادکی مصروف ترین شاہرات، چوکوں، چوراہوں میں نصب نو پارکنگ کے بورڈ بے لگام

بدھ 16 اپریل 2025 16:25

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2025ء) آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت کی مصروف ترین شاہرات، چوکوں، چوراہوں میں نصب نو پارکنگ کے بورڈ بے لگام ٹرانسپورٹ مافیا نے مذاق بنا دیے۔ اولڈ سیکرٹریٹ، بنک سکوائر چھتر، گیلانی چوک سب پر بازی لے گئے۔ ٹریفک پولیس اہلکاران بھی عاجز آگئے۔ سوزوکی رکشہ اور بائیکیا رائڈرز نے قانون کے ساتھ کھلواڑ عادت بنا لی۔

عام راہگیروں کا چلنا پھرنا دوبھر ہو کر رہ گیا۔ رہتی کسر مصروف ترین شاہرات کے دونوں اطراف کھڑی گاڑیوں نے پوری کر دی۔

(جاری ہے)

سابق کمشنر مظفرآباد مسعود الرحمن کے جاتے ہی شہر بھر میں ایک بار پھر ٹرانسپورٹ مافیا نے اپنا تسلط جماتے ہوئے مصروف ترین شاہرات، چوکوں چراہوں پر قبضہ جمانا شروع کر رکھا ہے۔ غیر قانونی پارکنگ، سوزوکی، رکشہ سٹینڈ اور خود ساختہ بائیکیا رائڈرز نے اڈے بنا رکھے ہیں جبکہ آہنی نو پارکنگ کے بورڈوں کے پاس سوزوکی رکشہ اور بائیکیا پارک کر کے قانون کا مذاق اڑایا جاتا ہے۔

سیاسی، سماجی، مذہبی، تجارتی، عوامی، علمی، ادبی حلقوں کے اکابرین سمیت سول سوسائٹی کے زعماء نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ نو پارکنگ کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے کاروائی کے لیے پولیس کو فری ہینڈ دیا جائے۔