دھناں،آزاد جموں وکشمیر فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کا بازار کا دورہ ،تاجر حضرات کو وارننگ جاری

بدھ 16 اپریل 2025 16:25

دھناں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2025ء)آزاد جموں وکشمیر فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ضلعی فوڈ سیفٹی آفیسر منور احمد ہمراہ فوڈ اینالسٹ محمد جلیل،اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسران سردار خورشید اور محمد اسد چوہدری نے ڈونگی بازار کا دورہ کیا اور مختلف دوکانات پر اشیاء غذائیہ بلخصوص بیکری آئٹمز اور مشروبات کے معیار کا معائنہ کیا رجسٹریشن و ایکسپائری ڈیٹس چیک کی گئیں اور تاجر حضرات کو ھدایات اور وارننگز دی گئیں۔

بدوں رجسٹریشن و لائسنس آئس کریم بنانے والی فیکٹری کو مبلغ پینتالیس ہزار 45000 روپے جرمانہ کیا اور فیکٹری مصنوعات کی کوالٹی چیکنگ کے لیے سیمپلز کو لیبارٹری بھیج دیا۔ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب میں فوڈ اینالسٹ محمد جلیل نے مختلف ڈبہ بند مشروبات کا تجزیہ کیا اور تسلی بخش قرار دیا۔

(جاری ہے)

جبکہ بازار میں پینے کے پانی کے تقریباً تمام ہی سیمپلز کو غیر تسلی بخش قرار دیا۔

اس موقع پر فوڈ سیفٹی آفیسر منور احمد نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صارفین تک محفوظ،صاف،معیاری اور خالص اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے جبکہ ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کو بھاری جرمانہ کے ساتھ کاروبار کی بندش کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔