قومی بلائنڈ خواتین کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں شرکت کے لئے جمعرات کو آسٹریلیا کے لئے روانہ ہوگی

بدھ 16 اپریل 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2025ء) قومی بلائنڈ خواتین کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں شرکت کے لئے (کل )جمعرات کو اسلام آباد سے آسٹریلیا کے لئے روانہ ہوگی۔ دونوں ممالک کے مابین پانچ ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی ۔بدھ کو پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل(پی بی سی سی)نے قومی خواتین کھلاڑیوں کے اعزاز میں اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس پی بی سی سی کےچیئرمین سید سلطان شاہ،پی بی سی سی کے حکام ،قومی خواتین کھلاڑی ،آفیشلز اور میڈیا سمیت دیگر افراد موجود تھے۔

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے دورہ آسٹریلیا کے لئے جانے والے قومی خواتین کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں ہائی ٹی کا پروگرام بھی کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی خواتین ٹیم کی کپتان نمرہ رفیق اور نائب کپتان نشا نے کہا کہ قومی خواتین ٹیم پہلی مرتبہ آسٹریلیا کا دورہ کر رہی ہے جس کے لئے ہم نے 10 روزہ تربیتی کیمپ میں بھر پور تربیت حاصل کی ہے اور امید ہیں کہ ہم آسٹریلیا بلائنڈ خواتین ٹیم کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین بلائنڈ کھلاڑی بھی مرد بلائنڈ کھلاڑیوں کی طرح بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنا چاہتے ہے جس کے لئے ہم بھر پور تیاری کریں گے۔ اس موقع پر ٹیم مینجمنٹ نے میڈیا کو بتایا کہ آسٹریلیا بلائنڈ خواتین ٹیم کے خلاف قومی خواتین ٹیم نے بھرپور تیاری کر رکھی ہے اور سیریز میں پاکستان خواتین بلائنڈ کرکٹ ٹیم عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کامیابی حاصل کرے گی۔

پاکستان اور آسٹریلیا خواتین کرکٹ ٹیموں کے مابین پانچ ٹی 20 میچوں پرمشتمل سیریز 18 سے 26 اپریل تک کھیلی جائے گی ۔سیریز کے تمام میچز برسبین کرکٹ سٹیڈیم آسٹریلیا میں ہوں گے۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم میں رمشاء شبیر، شمائلہ کرن، سائرہ، بشریٰ ظہور،ایشا فیصل ،نمرارفیق، کرن رفیق، نصرت بتول ،مریم خان ،خوریہ ملک ، رابعہ نوید،نیشا، ایمان ارشد،مہرین علی، فرحت غفور، ارمین طارق اور نور فاطمہ شامل ہیں۔

اس موقع پر پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے تقریب میں شرکت کرنے والے عہدیداروں سمیت میڈیا اور حکام کا شکریہ ادا کیا ۔واضح رہے کہ قومی خواتین بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا یہ پہلا بیرونی دورہ ہے اور آسٹریلیا بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی اپنی سرزمین پر پہلی ہوم سیریز ہوں گی۔