سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کیلئے امریکی یونیورسٹی کی جانب سے اعزازکا اعلان

ایوارڈ انسانی حقوق، مذہبی آزادی، صنفی مساوات، جمہوریت ،عدلیہ کی آزادی کیلئے خدمات کے طور پر دیا جائیگا

جمعرات 17 اپریل 2025 14:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2025ء)امریکہ کی ڈیوک یونیورسٹی کے بولچ جوڈیشل انسٹیٹیوٹ نے پاکستان کے 21ویں چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کو 2025 کے بولچ پرائز فار دی رول آف لا ء سے نوازنے کا اعلان کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ اعزاز ان کی انسانی حقوق، مذہبی آزادی، صنفی مساوات، جمہوریت اور عدلیہ کی آزادی کے فروغ میں غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس (ر)تصدق حسین جیلانی کو یہ اعزاز ڈیوک یونیورسٹی میں ہونے والی تقریب میں پیش کیا جائے گا، بولچ پرائز ہر سال ان افراد یا اداروں کو دیا جاتا ہے جو دنیا بھر میں قانون کی حکمرانی کے اصولوں کو فروغ دینے میں غیر معمولی خدمات انجام دیتے ہیں۔ جسٹس (ر)تصدق حسین جیلانی نے 1994 سے 2014 تک پاکستان کی اعلی عدلیہ میں خدمات انجام دیں، جہاں انہوں نے خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے کئی اہم فیصلے دئیے۔