معروف قوال عزیزمیاں کا یوم پیدائش منایا گیا

جمعرات 17 اپریل 2025 15:35

معروف  قوال عزیزمیاں کا  یوم پیدائش منایا گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2025ء) معروف قوال عزیز میاں کا یوم پیدائش جمعرات کو منایا گیا۔ وہ 17 اپریل 1942 کو دہلی میں پیدا ہوئے اوران کا اصل نام عبدالعزیز تھا اور میاں ان کا تکیہ کلام تھا۔ اکثر اپنی قوالیوں میں بھی وہ لفظ میاں کا استعمال کرتے تھے جو ان کے نام کا حصہ بن گیا۔قیام پاکستان کے بعد 1947 میں عزیز میاں نے پاکستان ہجرت کی اور لاہور میں سکونت اختیار کر لی۔

استاد عبدالوحید سے فنِ قوالی سیکھنے کے بعد انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے عربی، فارسی ادب اور اردو ادب میں ایم اے کی ڈگریاں حاصل کیں۔ ان کو متعدد عالمی و قومی اعزازات سے نوازا گیا جن میں 1966میں شاہ ایران رضا شاہ پہلوی کے سامنے یادگار پرفارمنس پر انہیں انعام و اکرام اور گولڈ میڈل جبکہ حکومت پاکستان کی جانب سے 1989ء میں عزیز میاں کو پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا گیا۔

(جاری ہے)

عزیز میاں کو شاعری پڑھنے کے منفرد انداز میں کچھ ایسی مہارت حاصل تھی جو سامعین پر گہرا اثر چھوڑ جاتی تھی۔ عزیز میاں کی مقبول ترین قوالیوں میں، میں شرابی، تیری صورت اور اللہ ہی جانے کون بشر ہے شامل ہیں۔عزیز میاں 6 دسمبر 2000 کو دورہ ایران کے موقع پر تہران میں انتقال کر گئے اور ان کو آبائی قبرستان ملتان میں سپرد خاک کیا گیا۔ عزیز میاں کی سالگرہ کے موقع پر شو بز انڈسٹری اور گلوکار برادری کی جانب سے ان کی خدمات کے اعتراف میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔