چیئرمین نیب کا پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنیوالے آفیسر کیلئے تعریفی مراسلہ چیف سیکرٹری پنجاب کو ارسال

جمعرات 17 اپریل 2025 17:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2025ء) چیئرمین نیب کی جانب سے فرائض کی ادائیگی میں پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے اسسٹنٹ رجسٹرار ہائوسنگV جہانزیب اکبر کی خدمات کو سراہتے ہوئے تعریفی مراسلہ چیف سیکرٹری پنجاب کو ارسال کیا گیا ہے اور تجویز دی گئی ہے کہ تعریفی مراسلہ کو مذکورہ آفیسر کے سروس ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔

ترجمان کے مطابق نیب کی جانب سے آفیشل ایمپلائیز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی لمیٹڈ اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے افسران و دیگر کے خلاف انکوائری کی گئی جس میں ہونیوالے انکشاف کے مطابق اربوں روپے مالیت کی 204 کنال 3 مرلہ اراضی واقع موضع مانک اور موضع بھائی کوٹ رائیونڈغیرقانونی طور پرمیسرز بحریہ ٹائون کے حوالے کی گئی تاہم فراڈ پر مبنی اس انتقال کی بروقت اطلاع اسسٹنٹ رجسٹرار ہائوسنگVنے متعلقہ سرکل رجسٹرار کو فراہم کی۔

(جاری ہے)

مذکورہ آفیسر کی بروقت اطلاع کے باعث نیب انکوائری کے دوران ہی اربوں روپے مالیت کی مکمل اراضی واگزار کروا کر آفیشل ایمپلائیز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کے حق میں بحال کر دی گئی۔ چیئرمین نیب نے آفیسر کے قابل ستائش پیشہ ورانہ اقدام اور قانون کی بالادستی کیلئے ان کی دیانتداری و عزم کو سراہا اور اس کے اعتراف میں تعریفی مراسلہ ارسال کیا اور تجویز دی کہ تعریفی مراسلہ کو مذکورہ آفیسر کے سرکاری سروس ریکارڈ میں بطور ستائش محفوظ کیا جائے تاکہ دیگر افسران بھی عوامی مفادات کے تحفظ کیلئے مزید چوکنا رہیں۔