پی ٹی آئی انٹراپارٹی کیس،الیکشن کمیشن سماعت جاری رکھے گا، حتمی فیصلہ درخواست کے نمٹائے جانے کے بعد جاری کیا جائیگا

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹراپارٹی کیس کے حوالے سے حکم نامہ جاری کر دیا، ٹی آئی انٹرا پارٹی کیس کی اب تک 12 سماعتیں ہوچکی ہیں،پی ٹی آئی کی جانب سے 8 مواقعوں پر مختلف گراونڈز پر کیس کا التوا مانگا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 18 اپریل 2025 11:11

پی ٹی آئی انٹراپارٹی کیس،الیکشن کمیشن سماعت جاری رکھے گا، حتمی فیصلہ ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اپریل 2025)پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کیس کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے حکم نامہ جاری کر دیاجس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی انٹر پارٹی کیس کی سماعت جاری رکھے گا، حتمی فیصلہ درخواست کے نمٹائے جانے کے بعد جاری کیا جائیگا،حکم نامے کے مطابق پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس کے جوابدہ کو 23 اپریل 2024 کو نوٹس جاری کیا گیا جبکہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس پہلی بار گزشتہ سال 30 اپریل کو سماعت کیلئے مقرر ہوا۔

حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے خود لاہورہائیکورٹ سے رابطہ کیا اور حکم نامہ حاصل کیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے حکم نامے کو ایک سال ہو چکا ہے ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی آئندہ کارروائی پر حکم امتناع نہیں دیا۔

(جاری ہے)

حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی کیس کی اب تک 12 سماعتیں ہوچکی ہیں۔ پی ٹی آئی کی جانب سے 8 مواقعوں پر مختلف گراونڈز پر کیس کا التوا مانگا گیا اور پی ٹی آئی کو انصاف کے مفاد کے تحت التوا دیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے حکم دیا ہے کہ تمام فریقین اگلی سماعت پر اپنے دلائل مکمل کریںاور کیس پر حتمی دلائل اور جوابی دلائل 22اپریل کو ہوں گے۔ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی انٹر پارٹی کیس کی سماعت جاری رکھے گا اور حتمی فیصلہ درخواست کے نمٹائے جانے کے بعد جاری کرے گا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کا انٹرا پارٹی انتخابات کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیاتھا۔

الیکشن کمیشن کل پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کیس کی سماعت کرے گا۔ جس کیلئے تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر رﺅف حسن کو نوٹس جاری کر دئیے گئے تھے۔الیکشن کمیشن نے اکبر ایس بابر سمیت تمام درخواست گزاروں کو بھی نوٹسز جاری کئے تھے۔الیکشن کمیشن میں مارچ 2024 سے انٹرا پارٹی الیکشنز کا معاملہ زیر التوا تھا۔ کمیشن اب تک 8 سماعتیں کرچکا تھا۔ انٹرا پارٹی الیکشنز منظور نہ ہونے کی وجہ سے پی ٹی آئی کا انتخابی نشان معطل تھا۔