Live Updates

اقوام متحدہ اور عالمی ادارے پہلگام واقعہ کی تحقیقات کریں ، مولانا فضل الرحمان

جمعہ 9 مئی 2025 21:01

اقوام متحدہ اور عالمی ادارے پہلگام واقعہ کی تحقیقات کریں ، مولانا فضل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی ادارے پہلگام واقعہ کی تحقیقات کریں ، جنگی حکمت عملی پاک فوج پر چھوڑ دی جائے،فوج پر تنقید کرنے والے اپنی حب الوطنی مشکوک کرتے ہیں،بھارتی عوام اور کانگرس بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ پر تنقید کررہی ہے ، بھارت میں قومی یکجہتی نہیں پاکستان میں قومی یکجہتی موجود ہے ۔

قومی اسمبلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ بھارت سے جنگ کی حکمت عملی بنانا فوج کا کام ہے،جنگی حکمت عملی پاک فوج پر چھوڑ دی جائے۔ انہوںنے کہاکہ فوج پر تنقید کرنے والے اپنی حب الوطنی مشکوک کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ فوج پر تنقید ان کے حوصلوں کو توڑنے کا سبب بنتی ہے، تنقید سے دفاعی حوصلہ ٹوٹنے سے ملک رسک پر چلا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

سربراہ جے یو آئی نے کہاکہ اس وقت تک ماشاء اللہ قوم کا سر فخر سے بلند ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کی فتوحات کی سب باتیں جھوٹ ہیں،بھارت نے جو جھوٹ بولے ایک لمحے کے لیے برقرار نہیں رہ سکتے ۔ انہوںنے کہاکہ پاک فوج کی کارکردگی قابل تحسین ہے ، مسلح افواج ملک کے ساتھ کمٹڈ نظر آئیں ۔ انہوںنے کہاکہ پاک فوج نے ملکی دفاع کا حق ادا کیا ہے ، رافیل جہاز گرائے جانے پر فرانس تشویش میں ہے ۔

انہوںنے کہاکہ پاک فوج کی بہادری سے قوم کو حوصلہ مل رہا ہے ، قوم فوج کی پشت پر ہو تو وہ اور طاقتور ہوجاتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جنگ میں اسلحہ نہیں حوصلہ لڑتا ہے ، بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ بالکل واضح ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جب اسرائیل نے غزہ پر سویلین آبادی کو نشانہ بنایا تو مودی نے اس کی حمایت کی ، بھارتی عوام اور کانگرس بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ پر تنقید کررہی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ بھارت میں قومی یکجہتی نہیں پاکستان میں قومی یکجہتی موجود ہے ، ایٹمی جنگ تک جانا دونوں ملکوں کی بربادی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حضور کی تعلیمات ہیں کہ جب دشمن سے سامنا ہو جائے تو ڈٹ جایا کرو، اسلام میں بزدلی کی گنجائش نہیں ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان نہ جنگ چاہتا ہے نہ جنگ کا آغاز کیا ، پہلگام واقعہ پر عالمی تحقیقات کا مطالبہ ہم نے کیا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ اور عالمی ادارے پہلگام واقعہ کی تحقیقات کریں ۔ انہوںنے کہاکہ امریکہ خطہ میں اپنا کردار ڈھونڈ رہا ہے ، پاک بھارت جنگ کے حوالے سے امریکہ ابھی اپنی پوزیشن واضح نہیں کررہا ۔ انہوںنے کہاکہ بڑی طاقتوں کا اپنی پوزیشن واضح نہ کرنا ریاستی دہشتگردی کو فروغ دیتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ امریکہ نے فلسطینیوں کے قتل عام میں اسرائیل کا ساتھ دیا،اس وقت تک پاکستان کو جگہ جگہ فتوحات حاصل ہوئی ہیں۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات