ہفتہ وار مہنگائی میں کمی ہونے کے دعووں کے باوجود 16 اشیاء مزید مہنگی ہو گئیں

ایک ہفتے میں 16 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ،18 میں کمی اور17 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا،ادارہ شماریات

muhammad ali محمد علی جمعہ 18 اپریل 2025 18:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اپریل2025ء) ہفتہ وار مہنگائی میں کمی ہونے کے دعووں کے باوجود 16 اشیاء مزید مہنگی ہو گئیں، وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 16 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ،18 میں کمی اور17 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردئیے گئے۔

وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.69 فیصد کی کمی ہو گئی، جس کے مطابق مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح منفی 2.72فیصد پر آگئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 16 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 18 اشیاء کی قیمتوں میں کمی آئی، جبکہ ایک ہفتے میں 17 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں زندہ مرغی فی کلو 55 روپے تک سستی ہوئی، ایک ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 16 روپے سے زیادہ کی کمی ہوئی، پیاز فی کلو 6 روپے تک اور لہسن 42 روپے فی کلو سستا ہوا، آٹے کا 20 کلو تھیلا 40 روپے تک سستا ہوا، چینی فی کلو 49 پیسے سستی ہوئی۔

آلو، چاول، گھی، خوردنی تیل، دال ماش بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔ جبکہ بیف 7 روپے فی کلو تک مہنگا ہوا، مٹن کی فی کلو قیمت میں 10 روپے کا اضافہ ریکارڈ ہوا،جلانے کی لکڑی، دال مونگ، تازہ دودھ مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔ یہاں واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے مہنگائی کی شرح 60 سال کی کم ترین سطح پر آ جانے کا دعوٰی کیا جا رہا ہے۔ تاہم وفاقی وزیر خزانہ نے اپنے ایک حالیہ بیان میں اعتراف کیا کہ انفلیشن نیچے ضرور آئی ہے لیکن عام عوام کو اس کا فائدہ نہیں ہو رہا ۔ جبکہ گورنر اسٹیٹ بینک نے بھی رواں ماہ کے دوران مہنگائی بڑھنے کا انکشاف کرتے ہوئے اگلے ماہ سے مہنگائی مزید بڑھنے کا عندیہ دیا ہے۔