یوسف رضا گیلانی کی باجوڑ میں پھاٹک میلہ کے قریب ہونے والے دہشت گرد دھماکے کی مذمت

معصوم اور بے گناہ شہریوں، سرکاری افسران و اہلکاروں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ، شرمناک اور قابل مذمت فعل ہے، بیان

بدھ 2 جولائی 2025 18:36

یوسف رضا گیلانی کی باجوڑ میں پھاٹک میلہ کے قریب ہونے والے دہشت گرد دھماکے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے باجوڑ میں پھاٹک میلہ کے قریب ہونے والے دہشت گرد دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے اس المناک واقعے کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی، تحصیلدار اور دیگر قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ معصوم اور بے گناہ شہریوں، سرکاری افسران و اہلکاروں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ، شرمناک اور قابل مذمت فعل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے سفاکانہ حملے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے اور ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے کے ذمہ دار عناصر کو قانون کی گرفت میں لا کر کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پوری قوم، افواج پاکستان، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سول انتظامیہ دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے متحد اور پرعزم ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے شہداء کی بلندی درجات اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔سید یوسف رضا گیلانی نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کی بھی دعا کی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔