پی ایس ایل 10، کراچی کنگز کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 176 رنز کا ہدف

جیمز ونس کی عمدہ نصف سنچری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 18 اپریل 2025 21:36

پی ایس ایل 10، کراچی کنگز کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 176 رنز کا ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 اپریل 2025ء ) پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے آٹھویں میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 176 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ 
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ 
کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 176 رنز کا ہدف دیا۔

 
کپتان ڈیوڈ وارنر نے 27 اور ٹم سائفرٹ نے 31 رنز کی اننگز کھیلی، جیمز ونس 70 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ محمد ریاض اللہ 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، خوشدل شاہ ایک اور عرفان خان 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، محمد نبی نے 18 رنز بنائے۔ 
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے علی ماجد اور محمد عامر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ابرار احمد، اور سعود شکیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

(جاری ہے)

 
ٹورنامنٹ میں کراچی کنگز کا یہ تیسرا میچ ہے، ایک میچ میں اس نے فتح پائی جبکہ دوسرے میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا، دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بھی دو میچ کھیلے ہیں، ایک جیتا اور ایک میں اسے شکست ہوئی۔ 
اس طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز 2، 2 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔

 
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا اسکواڈ سعود شکیل ( کپتان ) ، فن ایلن، حسن نواز، کوشدل مینڈس ( وکٹ کیپر ) ، ریلی روسو، خواجہ نافع، فہیم اشرف، سین ایبٹ، محمد عامر، ابرار احمد اور علی ماجد پر مشتمل ہے۔ 
کراچی کنگز اسکواڈ ڈیوڈ وارنر ( کپتان )، ٹم سائفرٹ ( وکٹ کیپر ) جیمز ونس، محمد ریاض اللہ، عرفان خان نیازی، خوشدل شاہ، محمد نبی، عامر جمال، عباس آفریدی، حسن علی، میر حمزہ پر مشتمل ہے۔