عالیہ حمزہ کو گرفتار کر لیا گیا

راولپنڈی میں ورکرز کنوینشن میں شرکت کیلئے آنے پر پنجاب پولیس نے پی ٹی آئی کی خاتون رہنما کو گرفتار کیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 18 اپریل 2025 23:59

عالیہ حمزہ کو گرفتار کر لیا گیا
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اپریل2025ء) عالیہ حمزہ کو گرفتار کر لیا گیا، راولپنڈی میں ورکرز کنوینشن میں شرکت کیلئے آنے پر پنجاب پولیس نے پی ٹی آئی کی خاتون رہنما کو گرفتار کیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں تحریک انصاف کی سیاسی سرگرمیوں کو دوبارہ بحال کرنے کیلئے کوشاں سابق ایم این اے عالیہ حمزہ کو ایک مرتبہ پھر گرفتار کر لیا گیا۔

جمعہ کی شب کو پنجاب پولیس نے پاکستان تحریک انصاف پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ سمیت 2 خواتین کو حراست میں لے لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالیہ حمزہ تحریک انصاف کے ورکرز کنوینشن میں شرکت کیلئے جمعہ کو راولپنڈی پہنچی تھیں۔ پی ٹی آئی کی جانب سے راولپنڈی کے علاقے چکلالہ میں ورکرز کنوینشن کے انعقاد کا اعلان کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزرعالیہ حمزہ راولپنڈی کے علاقے چکلالہ اسکیم 3 میں ورکرز کنونشن میں شرکت کے لیےآئی تھیں اور اس دوران پنجاب پولیس نے بھی وہاں دھاوا بول دیا۔

چکلالہ اسکیم 3 میں پی ٹی آئی ورکرز کنونشن سے عالیہ حمزہ کے ہمراہ کارکن شمیم آفتاب کو گرفتار کر کے ویمن پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق عالیہ حمزہ کو تاحال باضابطہ طور پر کسی مقدمہ میں گرفتار نہیں کیا گیا۔ تاحال فیصلہ نہیں ہوسکا کہ عالیہ حمزہ کو کس مقدمہ میں باضابطہ گرفتار کرنا ہے۔ یہاں واضح رہے کہ عالیہ حمزہ 9 مئی واقعات کے الزام میں 1 سال سے زائد عرصہ گرفتار رہنے کے بعد چند ماہ قبل ہی رہا کی گئی تھیں۔ تاہم انہیں اب پنجاب میں سیاسی سرگرمیوں کی کوشش کرنے پر دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔