ملک بھر میں جی ٹی روڈ کی مرمت و کشادگی دو مراحل میں مکمل ہوگی، موٹروے کی طرز پر تین لین، معیاری کام یقینی بنائیں، این5پر وفاقی وزیر مواصلات کی زیر صدارت جائزہ اجلاس،اہم فیصلوں کی منظوری

ہفتہ 19 اپریل 2025 17:28

ملک بھر میں جی ٹی روڈ کی مرمت و کشادگی دو مراحل میں مکمل ہوگی، موٹروے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2025ء) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت جی ٹی روڈ کے جائزہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ موٹروے کی طرز پر تین لین میں اپ گریڈیشن،جی ٹی روڈ کی تعمیر و مرمت اور کشادگی کو دو مراحل میں مکمل کیا جائے گا جس میں بہتر روڈ انفراسٹرکچر کو یقینی بنانے کے لئے جی ٹی روڈ کی ایک جیسے معیار میں اپ گریڈیشن عمل میں لائی جائے گی۔

محکمہ مواصلات،منصوبہ بندی اور اکنامک افئیر ڈویژن کے وفاقی سیکرٹری صاحبان، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور دیگر سینئر افسرا ن نے این5کی بحالی اور توسیع کے لئے موثر سفارشات پیش کیں جن پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملک بھر میں این 5(جی ٹی روڈ) کو درست اور موزوں حالت میں رکھنے کے لئے اس کی توسیع اور مرمت انتہائی اہمیت کی حامل ہے جس کے لئے دستیاب فنڈز کو انتہائی درست انداز میں استعمال میں لایاجانا چاہیے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر مواصلات نے ہدایت کی کہ اس تاریخی اور قومی شاہراہ جی ٹی روڈ کی بہتری کے لئے تمام ممکنہ تجاویز پر کام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مالیاتی طور پر نا قابل عمل منصوبوں میں ماضی میں ملک کو نقصان پہنچایا جبکہ موجودہ ترجیحا ت میں شامل موٹرویز ملک کے لئے منافع بخش ثابت ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ این5کی بحالی اور توسیع ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لئے مربوط حکمت عملی کے مطابق دو مرحلوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ وہ خود بھی موقع پر این 5کے معاملات کا جائزہ لیں گے جبکہ انہوں نے چیئرمین این ایچ اے اور سینئر افسران کو بھی مختلف مراحل پر خود دورہ کرنے کی ہدایت کی۔ این 5کے جائزہ اجلاس میں سینئر افسران نے جی ٹی روڈ کی بحالی کے لئے موجود فنڈز کی روشنی میں تجاویز پیش کیں جن پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ہمیں ڈسٹرکٹ ٹو ڈسٹرکٹ اس قومی شاہراہ کی بحالی کو یقینی بنانا ہے تاکہ لوگوں کی سفری مشکلات کو کم سے کم کیا جا سکے۔ اجلاس میں رواں مالی سال کے اختتام تک این5کی تعمیر و مرمت اور کشادگی کا فیز مکمل کر لینے کی یقین دہانی کرائی گئی۔