Live Updates

بھارت کو آبی دہشتگردی سے پاکستانی عوام کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دیں گے، وزیرخارجہ

انڈیا پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا چاہتا ہے لیکن کسی صورت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کو ختم یا معطل نہیں کرسکتا اور نہ ہی پاکستان پر اپنی مرضی مسلط کرسکتا ہے؛ اسحاق ڈار کا تقریب سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی پیر 30 جون 2025 15:21

بھارت کو آبی دہشتگردی سے پاکستانی عوام کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جون 2025ء ) ملک کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ بھارت کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ پاکستان کے 24 کروڑ عوام کو آبی دہشتگردی کے ذریعے یرغمال بنائے۔ انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹڈیز اسلام آباد کے 52ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے فالس فلیگ آپریشن کے نام پر پاکستان پر جنگ مسلط کی جس کا پاکستان نے بھرپور جواب دیا، انڈیا کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنی چاہیئے، پاکستان نے اقوام متحدہ میں یہ بات واضح کی ہے کہ اگر بھارت نے پانی کا رخ موڑنے کی کوشش کی یا پھر اس کو روکا تو اسے جنگی اقدام تصور کیا جائے گا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا چاہتا ہے لیکن انڈیا کسی صورت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کو ختم یا معطل نہیں کرسکتا اور نہ ہی پاکستان پر اپنی مرضی مسلط کرسکتا ہے، دنیا اس وقت تبدیلی کا عمل سے گزر رہی ہے، پاکستان عالمی برادری کا ایک ذمہ دار رکن ہے، پاکستان ہر دم اپنی خودمختاری اور خطے کی سالمیت کے لیے پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

اسحاق ڈار کہتے ہیں کہ اسی طرح تنازعہ کشمیر عالمی طور پر ایک تسلیم شدہ مسئلہ ہے اور اس معاملے میں انڈیا عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، مسئلہ کشمیرکا سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتے ہیں کیوں کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں، پاکستان پرامن بقائے باہمی کے اصول پر عمل پیرا ہے، مسئلہ کشمیر کا سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتے ہیں۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو مشرق وسطیٰ کے حالیہ واقعات پر گہری تشویش ہے، پاکستان ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتا ہے، ہم ایران کے حق دفاع کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہیں، اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کے مذموم منصوبے پر عمل پیرا ہے، نہتے فلسطینیوں کےخلاف اسرائیلی بربریت کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، عالمی برادری غزہ میں اسرائیلی مظالم کا سلسلہ بند کرانے کے لیے کردار ادا کرے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات