امریکا کے یمن پر تازہ حملے، مزید شہری جاں بحق، جوابی کارروائی میں امریکی ڈرون تباہ

امریکی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور اپنے عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا،حوثی گروپ

اتوار 20 اپریل 2025 12:15

صنعا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2025ء)یمن پر امریکی فضائی حملے شدت اختیار کرگئے ہیں، جن میں تازہ ترین کارروائی کے دوران مزید تین یمنی شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق، امریکا نے دارالحکومت صنعا، امران، مارب اور حدیدہ سمیت مختلف شہروں میں حوثیوں کی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ادھر حوثی ترجمان نے دعوی کیا ہے کہ صنعا کے قریب ایک امریکی ڈرون کو مار گرایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق، رواں ماہ اپریل کے دوران اب تک چھ امریکی ڈرونز کو تباہ کیا جا چکا ہے، جو یمنی مزاحمت کی جوابی کارروائی کا ثبوت ہے۔یمنی بندرگاہوں پر ہونے والے مسلسل حملوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 80 تک پہنچ چکی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 150 سے تجاوز کر چکی ہے۔ حوثیوں کا کہنا ہے کہ امریکی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور اپنے عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔