الخدمت خواتین ٹرسٹ کے تحت والٹن میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

اتوار 20 اپریل 2025 16:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2025ء)الخدمت خواتین ٹرسٹ لاہور کے تحت والٹن میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقادکیا گیا جس میں 3 جنرل فزیشنز اور 1 گائنا کالوجسٹ اور دیگر طبی عملہ نے خدمات انجام دیں۔ فری میڈیکل کیمپ میں خواتین اور بچوں کا معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔میڈیکل کیمپ کے دورا ن مریضوں کا تانتا بندھا رہا جن میں گائنی مریضوں کے علاوہ بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔

ڈاکٹروں نے بعض مریضوں کو مزید تشخیص کے لئے ہسپتال بھی ریفر کیا۔اس موقع پر الخدمت خواتین ٹرسٹ انچارج ہیلتھ سروسز کرن مبشر نے کہا کہ الخدمت صحت سب کے لئے کے سلوگن کے تحت پسماندہ علاقوں کے مکینوں کو صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم کی سہولتوں کا حصول ہر شہری کا بنیادی حق ہے لیکن آج بھی نہ صرف دیہی علاقوں بلکہ شہری آبادیوں میں بسنے والے بہت سے شہریوں کو یہ بنیادی سہولتیں میسر نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن واحد تنظیم ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی انسانیت کی خدمت کر رہی ہے بالخصوص غزہ کے اسرائیلی دہشت گردی سے متاثرہ مسلمانوں کو غزائی و دیگر ضروریات پوری کرنے کے علاوہ انہیں علاج و معالجہ کی سہوتیں بھی فراہم کرنے کی بھر پور کوشش کر رہی ہے۔میڈیکل کیمپ سے استفادہ کرنے والے علاقہ مکینوں نے الخدمت کو خراج تحسین پیش کیا۔