موجودہ موسمی حالات کے مطابق فصلات کی دیکھ بھال کیلئے محکمہ زراعت پنجاب کی سفارشات جاری

اتوار 20 اپریل 2025 22:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2025ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کاشتکارموجودہ موسمی حالات کے پیشِ نظر اپنی فصلوں کا روزانہ معائنہ کرتے رہیں۔جنوبی پنجاب میں درجہ حرارت معمول سے 6 تا 8 ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہنے کی پیش گوئی ہے۔ کاشتکار فصلوں کو گرمی کی شدت سے بچانے کیلئے محکمہ زراعت پنجاب کی سفارشات پر عمل کریں۔

(جاری ہے)

ترجمان محکمہ زراعت نے مزید کہا کہ کاشتکار بارش یا آندھی کی صورت میں گندم کی کٹائی و گہائی روک دیں۔فیلڈ میں موجود فصلوں و سبزیات کی آبپاشی کا وقفہ کم کر دیں۔اس کے علاوہ آم اور ترشاوہ باغات کی آبپاشی کا درمیانی وقفہ بھی کم کر دیں۔کپاس کی کاشت کے دوران موسمی پیشن گوئی کو مدِ نظر رکھیں اور کپاس کی اگیتی کاشت کے نگہداشتی اُمور پر خصوصی توجہ دیں۔ کاشتکار زرعی ایڈوائزری سے باخبر رہنے کیلئے محکمہ زراعت کے آفیشل سوشل میڈیا سے منسلک رہیں۔