ا*پاکستان قدرت کی طرف سے ہمارے لئے انمول تحفہ ہے ، لالہ یوسف خلجی

پیر 21 اپریل 2025 02:20

iکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2025ء) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ پاکستان قدرت کی طرف سے ہمارے لئے انمول تحفہ ہے جس نے ہمیں عزت،دولت،شہرت سمیت ہرچیز دی ہمیں بھی اپنے گریبانوں میں جھانکناچاہئے کہ ہم نے پاکستان کو کیا دیا ہے،جن لوگوں کے پاس کل تک کچھ نہیں تھا وہ آج کروڑ اوررب پتی بنے بیٹھے ہیں یہ پیسے انہوں نے اسی ملک سے کمائے ہیں۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالی کی طرف سے ہمارے لئے ایک انمول تحفہ ہے جس میں ہم آزادی سے اپنی زندگی گزار رہے ہیں اور پاکستان میں ہمارے اوپر کوئی پابندی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا خاندان آج سے 50سال پہلے رکشہ چلاتا تھا آج خاندان کا ہر شخص کروڑ پتی ہے اسی طرح بیورو کریٹس، ججز،جنرل،صحافی، وکلا، ڈاکٹرز،تاجرسمیت ہرمکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والوں کو اس ملک نے عزت دی ہے اور پاکستان میں رہتے ہوئے انہوں نے پیسہ اورعزت کمائی ہے اور اعلی عہدوں پر بیٹھ کر پروٹوکول کے مزے لے رہے ہیں اور یہ گلہ بھی کرتے ہیں کہ پاکستان نے ہمیں کیا دیا ہے۔

(جاری ہے)

لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ میں پاکستان سے گلہ کرنے والوں سے یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ ہم نے پاکستان کو کیا دیا ہے ہمیں پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جہاں سرکاری افسران اور ملازمین دفتر آنے کی تنخواہ لیتے ہیں اور شہریوں کے کام کرنے کی رشوت لیتے ہیں اگر یہی لوگ ایسا کسی دوسرے ملک میں کرتے تو انہیں سخت سزا کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ جب پاکستان سے اعلی سرکاری عہدوں سے لوگ ریٹائرڈ ہونے کے بعد بیرون ملک جاتے ہیں تو انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہوتا ہے انکی عزت اورشہرت پاکستان سے ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ ہم خلوص نیت سے پاکستان کی خدمت کریں تاکہ لوگوں اور خدا کے سامنے ہم سرخرو ہوسکیں کیونکہ پیسہ ہی ہرچیز نہیں ہوتی ہے۔