بھارت، طلبہ نے امتحانی کاپیوں میں جوابات کے بجائے پاس کرنے کیلئے فرمائشیں لکھ دیں

پیر 21 اپریل 2025 11:49

بھارت، طلبہ نے امتحانی کاپیوں میں جوابات کے بجائے پاس کرنے کیلئے فرمائشیں ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)بھارت کی ریاست کرناٹک کے ضلع بیلگام (چکوڈی)میں دسویں جماعت (ایس ایس ایل سی)کے امتحانات کے دوران طلبہ کی طرف سے امتحانی کاپیوں میں لکھی گئی عجیب و غریب درخواستیں اور پیسے ملنے کا انکشاف ہوا ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق امتحان کی نگرانی کرنے والے اساتذہ نے بتایا کہ کئی طلبہ نے اپنی جوابی کاپیوں میں منت سماجت بھری تحریریں لکھیں کہ انہیں پاس کر دیا جائے۔

بعض طلبہ نے اپنی درخواست کے ساتھ کرنسی نوٹ بھی رکھے تھے۔ایک طالب علم نے اپنی کاپی میں 500 روپے کا نوٹ رکھ کر درخواست کی کہ سر، براہ کرم مجھے پاس کر دیں۔ایک اور طالب علم نے محبت کی دہائی دیتے ہوئے لکھا کہ براہ کرم مجھے پاس کر دیں، میری محبت آپ کے ہاتھ میں ہے، ساتھ ہی 500 روپے کا نوٹ بھی رکھا۔

(جاری ہے)

ایک اور دل چسپ تحریر میں طالب علم نے لکھا سر، یہ 500 روپے سے چائے پی لیں اور مجھے پاس کر دیں۔

کچھ طلبہ نے تو کھلے الفاظ میں رشوت کی پیشکش بھی کی کہ اگر آپ مجھے پاس کر دیں تو میں آپ کو مزید پیسے دوں گا۔ایک اور طالب علم نے اپنی تعلیمی مجبوری بیان کرتے ہوئے لکھا اگر آپ نے مجھے پاس نہ کیا تو میرے والدین مجھے کالج بھیجنے سے انکار کر دیں گے۔اساتذہ اور امتحانی بورڈ نے ان حرکتوں کا سخت نوٹس لیا ہے، ابھی تک حکام کی جانب سے مزید کارروائی کے حوالے سے کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

متعلقہ عنوان :