پوپ فرانسس 88 سال کی عمر میں چل بسے

ان کا انتقال ویٹیکن کے کاسا سانتا مارٹا میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ہوا

Sajid Ali ساجد علی پیر 21 اپریل 2025 13:11

ویٹی کن سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اپریل 2025ء ) کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس 88 سال کی عمر میں چل بسے۔ عالمی میڈیا کے مطابق ویٹی کن سٹی نے پوپ فرانسس کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پوپ فرانسس کا انتقال پیر 21 اپریل 2025ء کو ایسٹر کے روز 88 سال کی عمر میں ویٹی کن کے کاسا سانتا مارٹا میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ہوا، ان کی پوری زندگی خُداوند اور چرچ کی خدمت کے لیے وقف رہی، روم کے بشپ فرانسس آج صبح 7 بج کر 35 منٹ پر خدا کے حضور پیش ہوگئے۔

بتایا گیا ہے کہ پوپ فرانسس چند ماہ سے پھیپھڑوں کی بیماری اور نمونیا میں کا شکار تھے، بیماری کے باعث کافی عرصے بعد 88 سالہ پوپ کمزور صحت کے باوجود اتوار کے روز ایسٹر کے موقع پر سینٹ پیٹرز اسکوائر پر ہزاروں کیتھولک وفاداروں کے سامنے نمودار ہوئے جہاں انہوں نے سینٹ پیٹرز باسیلیکا کی بالکونی میں اپنی وہیل چیئر سے کمزور آواز میں "ہیپی ایسٹر" کہا، جس پر وہاں موجود ہزاروں وفاداروں اور دیگر لوگ کی جانب سے انتہائی خوشی کا اظہار کیا گیا کیوں کہ نمونیا کے علاج کے بعد ان کی نازک صحت کو دیکھتے ہوئے یہ یقینی نہیں تھا کہ آیا دنیا کے 1.4 بلین کیتھولک کے رہنما موجود ہوں گے یا نہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پوپ کے خطاب کو پڑھ کر سنایا گیا، اپنے آخری عوامی خطاب میں پوپ فرانسس نے اپنے ایک معاون کی جانب سے پڑھے گئے پیغام میں غزہ میں فوری جنگ بندی کے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا، اس سے قبل بھی پوپ فرانسس غزہ میں اسرائیل کی فوجی مہم پر تنقید کرتے رہے ہیں، انہوں نے فلسطینی علاقے میں انسانی صورتحال کو انتہائی سنگین اور شرمناک قرار دیا تھا۔

یاد رہے کہ پوپ فرانسس کا اصل نام خورخے ماریو برگولیو تھا، وہ ارجنٹینا کے شہر بیونس آئرس میں پیدا ہوئے اور 2013 میں پوپ منتخب ہوئے، وہ نا صرف پہلے لاطینی امریکی بلکہ پہلے یسوعی پاپا بھی تھے، پوپ فرانسس نے اپنے دورِ میں چرچوں اور پوپائیت میں اصلاحات کے لیے قابل زکر کام کیا، اس کے علاوہ وہ سماجی انصاف اور ماحولیات کی حفاظت کے لیے بھی کام کرتے رہے۔