ڈیرہ اسماعیل خان ،فیسٹیول کی اختتامی تقریب کا انعقا و،زیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت

پیر 21 اپریل 2025 17:25

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2025ء) ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری ڈیرہ جات2025 کا رنگا رنگ اختتام ہو گیا ۔رتہ کلاچی اسپورٹس اسٹیڈیم میں فیسٹیول کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہاں، صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان، ممبر نیشنل اسمبلی فیصل امین گنڈہ پور، ڈی جی سپورٹس عبد الناصر خان، کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن ظفر الاسلام ، ریجنل پولیس آفیسر سید اشفاق انور، ڈپٹی کمشنر سارہ رحمٰن، تحصیل میئر عمر امین گنڈہ پور، ڈائریکٹر سپورٹس سمیت سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے دیگر افسران بھی تقریب میں شریک تھے۔

(جاری ہے)

تقریب کے دورا ن آف روڈ جیپ چیلنج اور دیگر مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شرکاءمیں انعامات تقسیم کیے۔واضح رہے کہ ڈیرہ جات کے دوران آف روڈ مقابلوں سمیت نیزہ بازی، گھڑ سواری، باکسنگ، کبڈی، کشتی، دودا، کوڈی اور دیگر متعدد روایتی مقابلوں کا انعقاد کیا گیا اس کے ساتھ ساتھ کیٹل شو، گھوڑوں کی پریڈ، پالتو جانوروں کی نمائش، آرٹ نمائش، مشاعرہ اور دیگر ثقافتی سرگرمیاں بھی شامل رہیں۔

اسی طرح تلاوت و نعت کے مقابلوں سمیت دیگر ادبی سرگرمیاں بھی فیسٹیول کا حصہ تھیں۔وزیر اعلی علی امین خان گنڈاپور نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ جات کے کامیاب انعقاد پر متعلقہ محکموں اور انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ڈیرہ جات کے انعقاد کا مقصد خطے کی ثقافت، روایات، کھیلوں اور سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ڈیرہ جات میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت کو بھی سراہا اور کہا کہ ڈیرہ جات کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ علاقہ ثقافتی، تاریخی اور سیاحتی لحاظ سے نہایت اہمیت کا حامل ہے ہماری فورسز اور عوام نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں اور بدامنی کا جوانمردی سے مقابلہ کیا۔

چالیس دنوں سے جاری فیسٹیول کے تحت متعدد ایونٹس کا پرامن انعقاد اور عوام کی بھرپور شرکت ایک مثبت پیغام ہے۔ہم اسی طرح اپنی روایات برقرار رکھیں گے اور پُرامن طریقے سے آنے والی نسلوں کو منتقل کریں گے۔ڈیرہ جات کے دوران تمام کھیلوں اور ادب و ثقافت اور آرٹ کے شائقین کو فیسٹیول سے لطف اندوز ہونے اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا موقع میسر آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان تمام ایونٹس کے انعقاد میں پولیس، ریسکیو اور دیگر سیکیورٹی اہلکاروں کا کردار اہمیت کا حامل ہے اور اس شاندار کارکردگی کی بنیاد پر ان کے لیے فی اہلکار دس ہزار روپے کا اعلان کرتا ہوں۔اختتامی تقریب کے آغاز میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا اور مختلف پرفارمنسز بھی تقریب کا حصہ رہیں۔ تقریب کے اختتام پر آف روڈ کے شرکاءاور پوزیشن ہولڈرز میں ٹرافیاں تقسیم کی گئیں جبکہ آرگنائزرز، منیجمنٹ اور لائن ڈیپارٹمنس میں بھی میڈلز تقسیم کیے گئے۔\378