سانحہ زلزلہ کو گزری20 سال ہو گئے مگر حکمرانوں سمیت متعلقہ حکام کی آنکھیں نہ کھل سکیں

پیر 21 اپریل 2025 17:29

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء) سانحہ زلزلہ کو گزری20 سال ہو گئے مگر حکمرانوں سمیت متعلقہ حکام کی آنکھیں نہ کھل سکیں۔ کثیر رقم سے قبل از وقت زلزلہ کی پیشن گوئی کے لیے سائرن سسٹم لایا گیا مگر گزشتہ ایک عرصہ سے سائرن سسٹم بند پڑا ہے۔

(جاری ہے)

باوثوق ذرائع کے مطابق سائرن سسٹم یا تو ناکارہ ہو چکا ہے یا پھر ناقص خریداری کی وجہ سے وہ کام کرنے سے محروم ہو چکا ہے، گزشتہ کئی دنوں سے دنیا کے مختلف حصوں سمیت پاکستان و آزاد کشمیر میں زلزلوں کی پیشن گوئیاں کی جا رہی ہے اور کئی مرتبہ زلزلے آ بھی چکے ہیں مگر حکومت اور حکام بالا کی جانب سے اس جانب توجہ نہیں دی جا رہی، کروڑوں روپے کا سائرن سسٹم منصوبہ آخر کس کی غفلت اور لاپرواہی کی نظر ہوا نہ ہی ذمہ داران کا تعین کیا جا سکا ہے۔

سیاسی، سماجی، مذہبی، تجارتی، عوامی، علمی، ادبی حلقوں کے اکابرین اور سول سوسائٹی کے زعماء نے حکومت آزاد کشمیر و متعلقہ حکام بالا سے درخواست کی ہے کہ وہ فوری طور پر قبل از وقت زلزلہ کی پیشن گوئی کے لیے سائرن سسٹم کے حوالے سے تحقیقات کرتے ہوئے ذمہ داران کا تعین کریں اور اس سسٹم کو فعال کریں۔