وفاقی وزیر پیر سید عمران احمد شاہ کا ساہیوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

پیر 21 اپریل 2025 17:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2025ء) وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ پیر سید عمران احمد شاہ نے ساہیوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا جہاں صدر شیخ عظمت سلیم اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔وفاقی وزیر نے چیمبر کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور وزیراعظم اور چیف آف آرمی سٹاف کی کوششوں سے ملک ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں اور اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے حکومت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے آمادگی ظاہر کی ہے جس سے ملک کی معیشت مزید مضبوط ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے مشکل حالات میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کر کے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کیا جس سے صنعتی شعبے میں بہتری آئے گی، حکومت تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل کے حل کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور ساہیوال میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لئے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

اس موقع پر ممبرانِ صوبائی اسمبلی ملک قاسم ندیم اور محمد ارشد ملک، ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، نائب صدر شیخ شکیل احمد، سابق صدر رانا وسیم اختر، سیکرٹری چیمبر محمد طارق اعوان، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران شیخ محمد آصف، میاں محمد اجمل، مہر ثاقب رسول، رانا یعقوب، رانا قیصر اور دیگر اراکین بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر نے چیمبر کے ممبران کو یقین دہانی کرائی کہ مقامی صنعتکاروں کو سہولیات فراہم کر کے ہی خطے میں صنعتی ترقی ممکن ہے جس سے بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا۔