پی ایس ایل: کراچی کنگز کے آل راؤنڈر عامر جمال پر جرمانہ عائد

میچ میں ضابطہ اخلاق لیول 1 کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 22 اپریل 2025 14:26

پی ایس ایل: کراچی کنگز کے آل راؤنڈر عامر جمال پر جرمانہ عائد
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 اپریل 2025ء ) کراچی کنگز کے آل راؤنڈر عامر جمال پر پشاور زلمی کیخلاف میچ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔ 
گزشتہ روز پشاور زلمی کیخلاف کھیلے گئے مقابلے میں کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد محض 2 وکٹوں سے فتح سمیٹی تھی، اس میچ میں ضابطہ اخلاق لیول 1 کی خلاف ورزی پر آل راؤنڈر عامر جمال پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

 
 آئی سی سی قوانین کے تحت عامر جمال کو آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا، اس قانون کے مطابق نامناسب زبان اور اشارہ کرنے پر کھلاڑی کو جرمانہ عائد کیا جاتا ہے تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات سےبچا جاسکے۔ 
واضح رہے کہ یہ واقعہ پہلی اننگز کے 15ویں اوور میں پیش آیا تھا، جب عامر جمال نے پشاور کے بیٹر حسین طلعت کو آؤٹ کرنے کے بعد بلے باز کے قریب جاکر نامناسب الفاظ کہے تھے۔ 
عامر جمال نے الزامات کا اعتراف کیا اور میچ ریفری افتخار احمد کی تجویز کردہ سزا کو قبول کیا، یہ الزامات آن فیلڈ امپائر فیصل خان آفریدی اور پال ریفل نے لگائے۔