گلشن اقبال ٹاؤن میں پارکس کی بحالی اور بہتری کے لیے اقدامات

چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد کا یوسی 7 کے مختلف پارکس کا دورہ عوام کو معیاری، سستی اور محفوظ تفریح فراہم کرنے کا عزم

منگل 22 اپریل 2025 19:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2025ء)چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے کہا ہے کہ پارکس شہریوں کے لیے نہ صرف سستی تفریح کا ذریعہ ہیں بلکہ ذہنی و جسمانی صحت کے لیے بھی نہایت اہمیت رکھتے ہیں۔ پارکس کی حالت زار بہتر بنانا ہماری اولین ترجیح ہے، اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے یہ بات یونین کونسل 7 میں واقع مختلف پارکس بالخصوص پردہ پارک اور عدنان شہید پارک کے دورے کے دوران کہی۔

ان کے ہمراہ وائس چیئرمین ابراہیم صدیقی ، ڈائریکٹر پارکس غلام رسول، ڈپٹی ڈائریکٹر راشد فیاض، ٹان کوآرڈینیٹر طاہر اکبر، کامران چشتی، اطہر پاشا اور طلحہ جدون بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پارکس غلام رسول نے چیئرمین کو تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ان پارکس میں پہلے ہی بنیادی سہولیات جیسے کہ بینچز، بچوں کے جھولے اور روشنی کا مناسب انتظام موجود ہے، جبکہ مزید بہتری کے لیے اقدامات کئیے جائیں گے ۔

چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے زور دیا کہ موجودہ مہنگائی کے تناظر میں عوام کو ان کے گھروں کے قریب معیاری، محفوظ اور صاف ستھری تفریح فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پارکس کی بحالی اور سہولیات کی فراہمی کے تمام منصوبوں کو فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ شہری ان جگہوں سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔