چاگئے ہسپتال میں ایمبولینس خراب، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا

منگل 22 اپریل 2025 21:58

چاغی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2025ء) چاگئے آر ایچ سی اسپتال چاگئے کی ایمبولینس ایک بار پھر خراب ہونے کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ عوامی حلقوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ غریب مریضوں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اسپتال میں طویل عرصے سے میڈیکل ڈاکٹر بھی تعینات نہیں، جس کی وجہ سے چاغی شہر اور گردونواح کے مریضوں کو علاج معالجے کے لیے دالبندین اور کوئٹہ کا رخ کرنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

ایمرجنسی کی صورت میں ایمبولینس دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو مہنگے داموں پرائیویٹ گاڑیاں کرائے پر حاصل کرنی پڑتی ہیں، جوکہ غریب عوام کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے۔عوامی حلقوں نے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی، ایم پی اے چاغی حاجی میر صادق خان سنجرانی اور سابق وزیر اعلی کے کوآرڈینیٹر میر اعجاز خان سنجرانی سے اپیل کی ہے کہ آر ایچ سی اسپتال چاغی میں فوری طور پر میڈیکل ڈاکٹر تعینات کیا جائے اور ایمبولینس کی مرمت کروا کر فعال بنایا جائے تاکہ عوام کو ایمرجنسی کی صورت میں بروقت سہولیات میسر آسکیں۔