ملتان سلطانز پی ایس ایل 10 میں پہلی فتح حاصل کرنے میں کامیاب

سکندر رضا کی دھواں دار بلے بازی کے باوجود لاہور قلندرز 229 رنز کا ہدف حاصل نہ کر سکی

muhammad ali محمد علی منگل 22 اپریل 2025 23:50

ملتان سلطانز پی ایس ایل 10 میں پہلی فتح حاصل کرنے میں کامیاب
ملتان ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اپریل 2025ء ) ملتان سلطانز پی ایس ایل 10 میں پہلی فتح حاصل کرنے میں کامیاب، سکندر رضا کی دھواں دار بلے بازی کے باوجود لاہور قلندرز 229 رنز کا ہدف حاصل نہ کر سکی۔ پی ایس ایل 10 کے 12 ویں میچ کے سلسلے میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو تگڑا ہدف دیا،پہلی فتح کے متلاشی سلطانز کے یاسر خان اور افتخار احمد اپنی ٹیم کا ٹوٹل 228 تک پہنچانے میں کامیاب رہے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے آصف آفریدی 4 اوورز میں 26 رنز کے عوض 1 وکٹ حاصل کر کے نمایاں رہے ۔ جواب میں لاہور قلندرز مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 195 رنز بنا سکی، سکندر رضا نے نصف سینچری اسکور کی۔

(جاری ہے)

یہ رواں سیزن میں ملتان سلطانز کی 4 میچوں میں پہلی فتح ہے۔ جبکہ لاہور قلندرز کو 4 میچوں میں 2 میں شکست اور 2 میں فتح حاصل ہو چکی۔ ملتان سلطانز کے اسکواڈ میں محمد رضوان (کپتان، وکٹ کیپر)، یاسر خان، عثمان خان، کامران غلام، مائیکل بریسویل، افتخار احمد، ایشٹن ٹرنر، ڈیوڈ ولی، اسامہ میر، عبید شاہ، جوشوا لٹل کو شامل کیا گیا۔

جبکہ لاہور قلندرز کے اسکواڈ میں فخر زمان، محمد نعیم، عبداللہ شفیق، ڈیرل مچل، سیم بِلنگز (وکٹ کیپر)، سکندر رضا، شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، رشاد حسین، حارث رؤف، زمان خان، آصف آفریدی شامل کیے گئے۔